دستر خوان کی شان ’’کڑی پکوان‘‘

February 26, 2021

ثمینہ نعیم

روزروز بر یانی ،کڑاہی اور چکن کے پکوان کھا کھا کر دل اُگتا جاتا ہے ،اسی لیے اس ہفتے ہم مختلف طر یقوں کی کڑی کی تر اکیب پیش کررہے ہیں ان میں سے جو آپ کو آسان لگیں یا جو آپ کو پسند آ ئے اسی ضرور آزمائیں ،خود بھی مزے سے کھائیں اور گھروالوں کو بھی کھلائیں ۔

……کوفتہ کڑی ……

اجز ا:قیمہ ایک پائو ،دہی دو پیالی ،بیسن تین کھانے کے چمچے ،نمک حسب ِذائقہ ،ادرک ایک انچ کا ٹکڑا ،لہسن چار سے چھ جوئے، پیاز ایک عدد ،سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچہ ،ہلدی آدھا چائے کا چمچہ ،پسا ہوا ناریل ایک کھانے کا چمچہ ،ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا ) ایک گٹھی ، پودینا (باریک کٹا ہوا) ایک گٹھی ،ہری مرچیں چار سے چھ عدد ،تیل حسبِ ضرورت ۔

ترکیب :سب سے پہلے قیمے کو اچھی طر ح دھو کر چھلنی میں رکھ کر خشک کر لیں ۔دھنیا ،پودنیا ،ہر ی مرچوں اور لہسن کے جوئوں کے ساتھ چٹنی پیس لیں ۔اس کے بعد ایک چائے کا چمچہ زیرہ اور ناریل بھون کر پیس لیں پھر اسے قیمے میں پیاز اور ادرک کے ساتھ ملا کر پیس لیں ۔اب اس میں ایک کھانے کا چمچہ بیسن بھون کر شامل کرلیں اور دو کھانے کے چمچے پسی ہوئی ہری چٹنی ڈال کر اچھی طر ح ملا لیں ۔

نمک شامل کرکے چھوٹے چھوٹے کوفتے بنا لیں اور دو سے تین کھانے کےچمچے تیل میں سنہرا فرائی کر کے رکھ لیں ۔دہی میں بیسن اور ہلدی ملا کر پھینٹ لیں ،پھر اس میں چار پیالی پانی شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکنے دیں ۔جب کڑی پکتے ہوئے گاڑھی ہونے لگےتو اس میں ہری چٹنی اور فرائی کئے ہوئے کوفتے شامل کردیں اور ہلکی آنچ پر دس سے بارہ منٹ کے لئے دم پر رکھ دیں۔تین سے چار کھانے کے چمچے کوکنگ آئل کو گرم کرکے اس میں زیرہ اور کڑی پتے فرائی کریں اور کڑی میں ڈال کر نمک شامل کرکے چولہے سےا تارلیں ۔

…میتھی دانے کی کڑی…

اجزاء:ثابت میتھی دانہ ایک کپ، تیل ایک چائے کا چمچہ ،ہنگ ایک چٹکی ،چلی پا ئوڈر چائے کا ایک چمچہ ،سوکھا دھنیا ایک چائے کا چمچہ ، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے،کٹا ہوا ہرا دھنیامٹھی بھر ،نمک ایک چائے کا چمچہ ۔

ترکیب:میتھی ثابت دانہ کو اچھی طرح دھو کر کپ پانی میں بھگو دیں اور تین چار گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر اسی پانی میں اتنا اُبالیں کہ وہ نرم اور پانی خشک ہو جائے۔ تیل کو ایک برتن میں گرم کر یں اور اس میں زیرہ ڈال کر پکائیں۔ جب وہ جوش کھانا بند کر دے تو اس میں ہنگ شامل کر لیں۔

پھر چلی پاؤڈر، ہلدی اور سوکھا دھنیا چار کھانے کے چمچےپانی میں مکس کر کے تیل والے برتن میں ڈال دیں۔ درمیانی آنچ پر ہلاتے ہوئے اس قدر پکائیں کہ وہ خشک ہو جائے۔ اس میں ابلا ہو امیتھی دانہ اورایک کپ پانی شامل کر کے ابالیں اور دو منٹ تک پکنے دیں۔ پھر چولہے سے ہٹا کر لیموں کا رس چھڑ کیں اور ہرے دھنیے سے سجاوٹ کر یں۔

…پنجابی کڑی …

اجزا:دہی آدھا کلو ، چھاج آدھا لیٹر ،بیسن ایک پائو، ہلدی ایک چائےکا چمچہ ،نمک حسب ِضرورت ،کٹی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ ،میتھی دانہ ایک کھانے کا چمچہ ۔

تڑکہ لگانے کے لیے اجز ا: لہسن کے جو ئے چھ عدد ،گو ل مر چ چھ عدد ،کڑی پتے چھ عدد ،زیرہ ایک چائے کا چمچہ ۔

پکوڑے بنانے کے لیے اجز ا: بیسن ایک پائو ،کٹی پیاز ایک عدد ،زیرہ ایک چائے کا چمچہ ،پسی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،نمک آدھا چائے کا چمچہ، تیل حسب ِضرورت ۔

ترکیب :آدھا کپ تیل گر م کرکے ایک چائے کا چمچہ میتھی دانہ ڈال دیں جب خوشبو آنے لگے تو اس میں ایک کھانے کا چمچہ کٹی لال مرچ ،ایک چائے کا چمچہ ہلدی اور ایک چائے کا چمچہ نمک ڈال لر بھون لیں ،پھر چھاج اور بیسن اچھی طر ح پھینٹ لیں اور ڈش میں ڈال دیں۔ آدھے گھنٹے ہلکی آنچ پر پکنے دیں ۔

پکوڑے بنانے کی تر کیب : پکوڑے بنانے کے لیے بیسن میں ایک چائے کا چمچہ زیرہ ،پسی لال مرچ ،آدھا چائے کا چمچہ نمک اور ایک عدد کٹی پیازکے پکوڑے بنا کر تل لیں ،جب کڑی پک جائے تو اس میں بنائےہوئے پکوڑے ڈال لیں ۔آخر میں آدھا کپ تیل گرم کرکے چھ عدد لہسن کے جوئے ،چھ عدد گول مرچ،ایک چائے کا چمچہ زیرہ ،چھ عدد کڑی پتوں کو فرائی کریں اور کڑی پر ڈال دیں۔