کھیلوں کی پریمیئر لیگ کا آغاز

February 02, 2021

شیراز آصف

کوویڈ کے باعث لاک داؤن کی موجودہ صورتحال میں طالب علموں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سہولیات فراہم کرتے ہوئے فاؤنڈیشن پبلک اسکول (ایف پی ایس) نے ایک انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے 38 ویں ایف پی ایس انٹر ہاؤس پریمیئرلیگ 2021 کاآغازکردیا ہے نئے سال کے آغاز پرتعلیمی اداروں کے پلیٹ فارم سے اس اقدام کو یقینی طور پرویران میدانوں کوآباد کرنے کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا قراردیا جاسکتا ہے۔

پروفیسر اعجاز فاروقی اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی لئیق احمد کے ایم سی انٹر اکیڈمی ٹورنامنٹ کی ٹرافی فاتح کپتان وہاج ریاض کو دے رہے ہیں

40 دن تک جاری رہنے والی لیگ میں کرکٹ، فٹسال، باسکٹ بال، تھروبال، ٹیبل تینس، ای اسپورٹس، سائیکلنگ، چیس، بیڈمنٹن اور ٹگ آف وار کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے ان مقابلوں کے دوران کوویڈ سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز کامکمل اور سختی سے خیال رکھا جائے گا پریمیئرلیگ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب میں ایم ڈی فاؤنڈیشن پبلک اسکول رضا کمال منہاس نے جناح ہاؤس، اقبال ہاؤس اور لیاقت ہاؤس کے کپتانوں کے ہمراہ پریمیئرلیگ کی ٹرافی اور میسکوٹ کی رونمائی کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی فاؤنڈیشن پبلک اسکول رضا کمال منہاس کاکہنا تھا کہ کھیل دلوں کو فتح کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، ایسے ایونٹس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے اور مستقبل کے اسٹاز کھلاڑیوں کو تیار کرنے میں مددملتی ہے ، کھلاڑیوں کوتعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کاماحول بھی میسّرآئے گا۔