2021ء اور تعمیراتی صنعت میں ٹیکنالوجی رجحانات

February 07, 2021

2020ء تعمیراتی صنعت کے لیے کسی بھیانک خواب سے کم نہ تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ کووِڈ - 19 وبائی بیماری نے تمام تعمیراتی سرگرمیوں کو اچانک مؤخر کردیا تھا۔ تعمیراتی صنعت زیادہ نقصان میں اس لحاظ سے رہی کہ یہ اپنی نوعیت کے باعث زیادہ سرمایہ اور زیادہ افرادی قوت استعمال کرنے والا شعبہ ہے۔

لاک ڈاؤن اور معاشرتی فاصلاتی اصولوں کی وجہ سے زیرِ تعمیر منصوبوں کی ایک بڑی تعداد پر کام رک گیا، اور ان نامکمل منصوبوں میں سرمایہ کاروں اور ڈیویلپرز کی بڑی رقوم پھنس کر رہ گئیں۔

یہی وجہ ہے کہ ایک بات انتہائی وثوق کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ تعمیراتی صنعت مستقبل کے رجحانات میں اس طرح کے خلل کا حل تلاش کرنا چاہے گی۔ اس سے یہ اشارہ بھی ملتا ہے کہ تعمیراتی صنعت کے مستقبل کے رجحانات میں ٹیکنالوجی غلبہ حاصل کرنے جارہی ہے، تاکہ مستقبل میں کووِڈ-19 جیسے بحرانوں کی زد میں آکر اس صنعت کو تعمیراتی سرگرمیوں کو مؤخر نہ کرنا پڑے۔

مثال کے طور پر، تعمیراتی سائٹس پر اسمارٹ ٹریفک کون کا استعمال ایک عام رجحان بنتا جارہا ہے۔ سینسر اور کمپیوٹنگ چپس سے لیس جدید ٹریفک کونز بلیوٹوتھ کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوتے ہیں۔ 2021ء اور اس سے آگے تعمیراتی صنعت میں درج ذیل رجحانات کو دیکھا جاسکتا ہے۔

انٹرنیٹ آف تھنگس(IoT)

انٹرنیٹ آف تھنگس (IoT) ایک تکنیکی حل ہے جو کاروباری، مینوفیکچرنگ اور صنعتی ماحول کی تعمیرات میں پیچیدہ کاموں اور عمل کو آسان بنا دیتا ہے۔ یہ کیا کرتا ہے؟ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک وسیع اور پیچیدہ پروجیکٹ کی ڈیوائسز آپس میں بات چیت اور تبادلہ خیال کرتی ہیں۔ آئی او ٹی ، ’’اَمبریلاسافٹ ویئر‘‘ کے ذریعے ان تمام اعداد و شمار تک رسائی حاصل کرنے کے قابل ہوتاہے، جو آپس میں منسلک آلات تیار کرتے ہیں۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک تعمیراتی منصوبے میں تمام آپریٹرز ، سپروائزر ، منیجرز ، سپلائی کرنے والے اور دیگر ضروری اسٹیک ہولڈرز کو پروجیکٹ کے تمام ضروری پہلوؤں کے بارے میں براہ راست اعداد و شمار تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ یہ پیشگی فیصلے کرکے تعمیراتی عمل میں رکاوٹوں سے بچنے میں مدد کرتا ہے۔

ایک تعمیراتی منصوبہ بہت وسیع ہوتا ہے، جس میں مختلف قسم کے کارکن اور پیشہ ور بیک وقت کام کرتے ہیں۔ ڈیزائن سے لے کر تعمیر تک ، ٹیکنالوجی اور اسمارٹ آلات ہر سطح پر استعمال ہوتے ہیں۔ جیسے جیسے پروجیکٹ آگے بڑھتا ہے اور کام کی پیچیدگی بڑھتی جاتی ہے، تکنیکی حل کی ضرورت اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے۔

جو بھی شخص کسی بڑے تعمیراتی منصوبے کے کسی خاص پہلو کے بارے میں جاننا چاہتا ہے، وہ آئی او ٹی سافٹ ویئر کے ذریعے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ یہ فیصلہ سازی کے عمل میں رفتار اور درستگی لانے کے ساتھ ساتھ منصوبے میں ناپسندیدہ رکاوٹ سے بھی بچا سکتا ہے۔

تھری ڈی پرنٹنگ کا استعمال

ایک جدید اور آنے والے وقت کی ٹیکنالوجی جو ممکنہ طور پر تعمیراتی دنیا کو اپنی انتہائی افادیت کے باعث بہا لے جاسکتی ہے، وہ ہے 3Dپرنٹنگ کے ذریعے مکمل مینوفیکچرنگ۔ جیسے آپ اپنے کمپیوٹرکی مدد سے ایک عام پرنٹر پرکچھ بھی پرنٹ کرسکتے ہیں، اسی طرح تھری ڈی پرنٹر کوئی ماڈل، پروٹوٹائپ، پرزے اور یہاں تک کہ گھر بھی پرنٹ کرسکتا ہے۔ اس وقت تھری ڈی پرنٹرز میگا تعمیراتی منصوبوں کے ماڈلز کی منصوبہ بندی اور تشخیص کے لیے پرنٹ کرنے میں استعمال ہوتے ہیں۔

اس سے ڈیزائنرز اور انجینئرز کو اس بات کا اندازہ ہوجاتا ہے کہ ان کا پراجیکٹ کیسا نظر آئے گا اور آیا اس میں کسی ترمیم کی ضرورت ہے یا نہیں۔ یہ رجحان مزید تقویت پارہا ہے اور اب بڑے سائز کے تھری ڈی پرنٹرز عالمی افق پر موجود ہیں جو پورے گھر کو جلد از جلد پرنٹ کرسکتے ہیں۔ یہ 3D پرنٹنگ ٹیکنالوجی کی ایک بہت بڑی چھلانگ ہے۔

اب ، اس کو مستقبل کی ہاؤسنگ ٹیکنالوجی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جو مزدوروں کی مدد کے بغیر اور مکمل طور پر مشینوں کے ذریعہ مکانات تعمیر کرے گی۔لامتناہی امکانات ہیں اور توقع ہے کہ2021ء اور اس سے آگے تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کی اہمیت محسوس کی جائے گی۔

سانس لیتا تعمیراتی مواد

جی ہاں، سانس لیتا /زندہ مواد ایک حقیقت ہے اور یہ تعمیراتی منظر پر اگلا بڑا ٹیک رجحان ہے۔ اپنی خرابی کو دُرست کرنے والا کنکریٹ یعنی ایک نئی قسم کا ٹھوس مادہ تیار کیا جارہا ہے، جس میں بیکٹیریا کو نشوونما حاصل اور کنکریٹ کو بھرنے کی صلاحیت ہوگی۔

اس قسم کا مواد ، جو ٹھوس مرکب کے ساتھ استعمال ہوتا ہے ، کنکریٹ کو غیرنفوذ پذیر بنا دیتا ہے۔ یہ جراثیم چھیدوں میں بڑھتے ہیں اور ان کو بھرتے ہیں۔ مرمت کے لیے اسے دراڑوں اور پھوڑوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ مختلف اقسام، شکلوں اور سائز کے بیکٹیریا اُگائے جارہے ہیں، جنھیں تیار تعمیراتی سامان کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

آخری بات

ہم نے ان نئے ٹیک رجحانات کے بارے میں بات کی ہے جو 2021ء میں اور اس سے آگے تعمیراتی صنعت پر غالب آسکتے ہیں۔ ان تینوں تکنیکی رجحانات کے علاوہ، یہاں بہت ساری امید افزا اور طاقتور ٹیکنالوجیز ہیں، جو تعمیراتی صنعت کی رہنمائی کر رہی ہیں۔