یشراج مکھاٹے کی ’رسوڑے میں کون تھا‘ سے ’پاوری ہورہی ہے‘ تک کی کہانی

February 26, 2021

تین جملوں پر مبنی’پاوری ہورہی ہے‘ ویڈیو پر گانا تیار کرنے والے معروف بھارتی میوزک کمپوزر یشراج مکھاٹے نے اپنے مداحوں کو’رسوڑے میں کون تھا‘ سے ’پاوری ہورہی ہے‘ تک کی کہانی سُنادی۔

’رسوڑے میں کون تھا‘ پر ویڈیو بناکر راتوں رات شہرت پانے والے بھارتی میوزک کمپوزر یشراج مکھاٹے نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’میں جب تین سال کا تھا تو اُس وقت میرے بابا نے مجھے کھلونے والا پیانو لیکر دیا تھا اور اُس دن کے بعد سے مجھے میوزک سے لگاؤ ہوگیا تھا۔‘

یشراج مکھاٹے نے کہا کہ ’مجھے معلوم تھا کہ میں نے مستقبل میں ایک میوزک کمپوزر ہی بننا ہے لیکن میرے والدین کی خواہش تھی کہ میں پہلے اپنی پڑھائی مکمل کروں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے انجینئرنگ میں داخلہ لیا، صبح میں کالج جاتا تھا اور پھر وہاں سے آنے کے بعد یوٹیوب پر میوزک کمپوز کرنے کے حوالے سے ویڈیوز دیکھ کر نئی نئی چیزیں دیکھتا تھا۔‘

بھارتی میوزک کمپوزر نے کہا کہ ’میرے والدین سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتے اور جب وہ مجھے سارا دن موبائل اور کمپیوٹر میں لگا دیکھتے تھے تو وہ سوچتے تھے کہ ہمارا بیٹا ہر وقت موبائل میں کیا کرتا رہتا ہے۔‘

یشراج مکھاٹے نے کہا کہ ’یہ سب ایسے ہی چلتا رہا اور پھر ایک دن میں نے کوکیلا کے ڈائیلاگز ’رسوڑے میں کون تھا‘ پر اپنا میوزک شامل کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردی اور پھر موبائل فون بند کرکے دیگر کاموں میں مصروف ہوگیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے جب شام کے وقت اپنا موبائل فون آن کیا تو میرا موبائل مسلسل بجنے لگا، اس قدر نوٹیفیکیشنز اور میسجز آئے کہ میں گھبرا گیا۔‘

بھارتی میوزک کمپوزر نے کہا کہ ’لوگوں نے میرے کام کو اتنا سراہا کہ جس کی مجھے بالکل اُمید بھی نہیں تھی۔‘

یشراج مکھاٹے نے کہا کہ ’بالی ووڈ ہدایات کارانوراگ کشیاپ نے بھی مجھے میسج کرکے میرے کام کی تعریف کی جو میرے لیے ایک بڑا اعزا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اس کے بعد میرے انٹرویوز کا سلسلہ شروع ہوا، مجھے مختلف شوز میں مدعو کیا گیا اور یوں میرے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد دس ہزار سے 20 لاکھ ہوگئی۔‘

بھارتی میوزک کمپوزر نے کہا کہ ’یہ میرا پہلا کام تھا جو میں نے اپنے والدین کو دکھایا تھا، اس کے بعد میرے والدین نے اپنے بیٹے پر بہت فخر کیا۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے حالیہ ویڈیو پاوری ہورہی ہے‘ بنائی ہے جس نے میری مقبولیت کے تمام اگلے پیچھلے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔‘

واضح رہے کہ معروف بھارتی میوزک کمپوزر یشراج مکھاٹے، جو ٹی وی شوز اور فلموں کی ویڈیو کلپس کو مضحکہ خیز گانوں میں تبدیل کرنے کے لئے مشہور ہیں، اُنہوں نے پاکستانی لڑکی دنانیر کی تین جملوں پر مشتمل دلچسپ ویڈیو کو بھی ایک گانے میں تبدیل کردیا۔

یشراج مکھاٹے نے اس گانے کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں مزاحیہ انداز میں لکھا تھا کہ ’میں آج سے پارٹی نہیں کروں گا صرف پاوری کروں گا کیونکہ جو مزہ پاوری کرنے میں ہے، وہ مزہ پارٹی کرنے میں نہیں ہے۔‘

بھارتی میوزک کمپوزر نے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ویڈیو کو گانے میں تبدیل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

یشراج مکھاٹے نے یہ ویڈیو بنانے والی پاکستانی لڑکی دنانیر کو بھی خوب سراہا۔

خیال رہے کہ پاکستان، بھارت سمیت دیگر ممالک میں اس ویڈیو کو خوب پسند کیا جارہا ہے اور لوگ بھی دنانیر کا یہ انداز فالو کرتے ہوئے ویڈیوز بنا رہے ہیں۔

دنانیر کے وہ ڈائیلاگز جو شہرت کا باعث بنے:

یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری ہورہی ہے

ان تین جملوں کو پسند کرتے ہوئے پاکستانی شوبز ستارے بھی اپنے دوستوں کے ساتھ یہ ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں۔