راکھی کی والدہ کا سلمان خان کیلئے جذباتی پیغام

February 26, 2021

بھارتی معروف اداکارہ اور بگ باس کے سیزن 14 کی کنٹسٹنٹ راکھی ساونت کی والدہ نے بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

اس ضمن میں راکھی ساونت نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی والدہ کا ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں وہ اسپتال میں موجود ہیں۔


راکھی ساونت کی والدہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ’سلمان اور سہیل بیٹا میرے علاج میں میری مدد کرنے کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔‘

اُنہوں نے اپنی صحت کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ابھی اسپتال میں ہوں اور میری کیموتھراپی چل رہی ہے۔‘

بھارتی اداکارہ کی والدہ نے کہا کہ ’ابھی میری دو کیموتھراپی باقی ہیں اس کے بعد میرے آپریشن ہوں گے۔‘

راکھی کی والدہ نے سلمان خان اور سہیل خان کو دُعا دیتے ہوئے کہا کہ ’خدا تمہیں مزید کامیابیاں دے، تمہارے خوابوں کو پورا کرے اور تمہیں سلامت رکھے۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل راکھی ساونت نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی زندگی میں ایک وقت ایسا آیا جب وہ کچھ غلط فیصلوں کی وجہ سے مالی طور پر مشکلات میں پھنس گئیں اور سلمان خان کے بھائی سہیل خان نے ان کو سہارا دیا۔

خیال رہے کہ راکھی ساونت بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کے فائنل میں 14 لاکھ روپے کی رقم لیکر مقابلہ جیتنے کی ریس سے باہر ہوگئی تھیں۔

راکھی ساونت نے کہا تھا کہ میں 14 لاکھ کی اس رقم سے اب اپنی بیمار والدہ کا علاج کرواؤں گی۔