وال چاکنگ کو کسی بھی شکل میں برداشت نہیں کیا جائیگا، ڈپٹی کمشنر لوئر دیر

February 27, 2021

پشاور(جنگ نیوز)وال چاکنگ کو کسی بھی شکل میں برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ اس سے شہر کی خوبصورتی کا خطرہ ہے۔انتظامیہ با زاروں، عوامی مقامات اور املاک کو خراب کرنے میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کریں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر لوئر دیر عون حیدر گوندل نے تیمرگرہ شہر کی خوبصورتی بڑھانے اور گرین بیلٹ کی تعمیر کے سلسلے میں مختلف مقامات کے معائنہ کے دوران کیا۔ معائنہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (پلاننگ اینڈ فنانس) طارق جمال،اسسٹنٹ کمشنر طاہر علی خٹک،تحصیل مونسپل افیسر شکیل حیات،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد مامون نواز موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تیمرگرہ شہر کی خوبصورتی کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے منظور شدہ 70کروڑ روپے کے حوالے سے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔اس موقع پر شہر کی خوبصورتی کو بڑھانے اور گرین بیلٹس کی تعمیر کے لئے مقامات کی نشاندہی کی گئی،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عون حیدر گوندل نے انتظامی افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ بازار، عوامی مقامات اور املاک کو خراب کرنے میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کریں۔انہوں نے تحصیل مونسپل افیسر تیمرگرہ کو ہدایت کی کہ وہ تاجروں کوبتائے اور انہیں مخصوص جگہوں / ڈسٹبین میں گندگی پھینکنے کا پابند کریں کیونکہ کوڑا کرکٹ کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی متاثر اور الودگی میں اضافی ہو تا جارہا ہے۔