حمزہ شہباز کی بیٹی والد کو دیکھ کر آبدیدہ کیوں ہوئیں؟

February 28, 2021

مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی بیٹی والد کی رہائی کے بعد اُنہیں دیکھ کر اس خوف سے رو پڑیں کہ کہیں اُن کے والد دوبارہ اُن سے دور نہ ہوجائیں۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا۔

مریم نواز نے حمزہ شہباز شریف کے ہمراہ اپنی وہ تصویر شیئر کی جو حمزہ شہباز کے گھر پہنچنے پر لی گئی تھی۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں وہ لمحہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی ہوں کہ جب حمزہ اپنے گھر میں داخل ہوئے اور اُن کی دو سالہ بیٹی والد کو دیکھ کر خوشی سے جھوم اُٹھی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’حمزہ شہباز کی دو سالہ بیٹی اپنے والد کو دیکھ کر جہاں خوش ہوئی تو وہیں اس خوف سے رو پڑیں کہ کہیں اُن کے والد دوبارہ اُن سے دور نہ چلے جائیں۔‘

مریم نواز نے مزید لکھا کہ ’انشاءاللّہ! ظالم کا یومِ حساب بہت جلد آئے گا۔‘

خیال رہے کہ مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے حمزہ شہباز کا جیل کے باہر استقبال کیا۔

حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں 20 ماہ سے جیل میں قید تھے۔

لاہور کی احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج اکمل خان نے منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کی رہائی کی روبکار جاری کی تھی۔

اس سے پہلے لاہور کی احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کی رہائی کے لیے ضمانتی مچلکے جمع کرائے گئے تھے۔