مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو موٹروے پر ایک دُکان کے مالک نے متاثر کردیا۔
اس ضمن میں مریم نواز نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جو موٹروے پر ایک دُکان کے باہر بنائی گئی ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں مریم نواز اپنی گاڑی میں موجود اپنے موبائل فون سے ویڈیو گرافی کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی مریم نواز کی گاڑی ایک دُکان کے سامنے آکر رُکتی ہے تو دُکان کا مالک مسلم لیگ نون کی نائب صدر کے لیے بطور تحفہ ’شیر‘ لیکر آتا ہے جوکہ مسلم لیگ نون کا انتخابی نشان ہے۔
جب دُکان کا مالک شیر دینے کے لیے مریم نواز کے پاس آنے لگتا ہے تو وہ دُکان کے مالک کو کہتی ہیں کہ آپ وہیں رُکیں میں خود آپ کے پاس آرہی ہوں۔
موٹروے پر بنائی گئی یہ ویڈیو شیئر کرتے مریم نواز نے کیپشن میں لکھا کہ ’میں موٹر وے پر چائے پینے کے لیے رُکی تھی اور دیکھو وہاں مجھے کیا ملا۔‘
مریم نواز نے لکھا کہ ’دُکان کا مالک مجھے دیکھ کر بھاگتا ہوا آیا تاکہ مجھے یہ خاص تحفہ دے سکے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’میں دُکان کے مالک کی اس ذہنی فرتیلی سے بےحد مُتاثر ہوئی ہوں۔‘
مریم نواز کی اس ویڈیوگرافی اور ٹوئٹ کو صارفین خوب پسند بھی کر رہے ہیں۔