کورونا کے وار جاری

March 01, 2021

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو کو روکنے کیلئے بیشتر ویکسینز منظر عام پر آ چکی ہیں اور کئی ایک تو پاکستان سمیت اکثر ممالک میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور 65سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی بھی جا چکی ہیں لیکن یہ بیماری تا حال موجود ہے ، اگرچہ اِس سے ہونے والی ہلاکتوں اور اِس کے فعال کیسوں کی تعداد ضرور کم ہوئی ہے لیکن یہ سلسلہ ابھی تھما نہیں۔ این سی او سی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے مزید 33 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وبا سے لقمہ اجل بننے والوں کی مصدقہ تعداد 12 ہزار 837 ہوگئی ہے جبکہ کوویڈ کی تشخیص کیلئے 39 ہزار 86 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 1315 مثبت رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی 12837 تک جا پہنچی ہے تاہم فعال مریضوں کی تعداد گھٹ کر 21554 رہ گئی ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 544406 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک میں اس مرض کی تشخیص کیلئے 89 لاکھ 12 ہزار 918 ٹیسٹ ہوچکے ہیںجبکہ کورونا کے مجموعی مصدقہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 78 ہزار 797 ہو گئی ہے۔ اب تک اس وائرس کو شکست دینے والے افراد کی تعداد 5 لاکھ 44 ہزار 406 ہوگئی ہے۔ہر شہری کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ جب تک ہر فرد کو کورونا سے بچائو کی ویکسین نہیں لگ جاتی ہم میں سے کوئی بھی اِس بیماری سے محفوظ نہیں ہے لہٰذا تمام تر کاروباری اور نجی مجبوریوں کے باوجود گھر سے باہر نکلتے ہوئے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے۔ ہر شہری کو ویکسین کی فراہمی تک تمام تر احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے خود کو اور اپنے اہلِ خانہ کو اِس موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہوگا اور حکومت کو اِس ضمن میں جلد از جلد ہر شہری کے لئے ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانا ہو گا۔