گھر کی تعمیر میں باورچی خانے کی اہمیت

April 04, 2021

باورچی خانہ گھر کی ایک ایسی جگہ ہے، جہاں دن کے اکثر اوقات چہل پہل رہتی ہے، اس لیے گھر کی تعمیر کے وقت باورچی خانہ کے ڈیزائن اور جگہ کو کسی صورت نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ گھر میں باورچی خانہ کی جگہ اور اس کا ڈیزائن ایسا ہونا چاہیے کہ وہ آسانی سے قابلِ رسائی ہو اور وہاں آنے جانے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ باورچی خانہ کو زیادہ سے زیادہ قابلِ عمل اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے کن چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے، ذیل میں یہی جاننے کی کوشش کی گئی ہے۔

باورچی خانہ کی کشادگی

کشادگی سے یہ مراد نہیں ہے کہ آپ کا باورچی خانہ ایک لمبے چوڑے رقبہ پر بنا ہوا ہونا چاہیے۔ اس کے بجائے آپ محدود جگہ میں بھی ایک عملی اور قابلِ رسائی باورچی خانہ بنا سکتے ہیں۔ اس کے لیے ضروری یہ ہے کہ آپ باورچی خانہ کو غیرضروری چیزوں سے نہ بھریں۔ باورچی خانے کے فرنیچر اور استعمال ہونے والے سامان کے درمیان مناسب جگہ کا ہونا بہت ضروری ہے مثلاًکبڈز، درازوں اور کچن الماری وغیرہ کے درمیاں مناسب ترتیب و تنظیم ہونی چاہیے تاکہ باورچی خانے میں کام کرنے میں کوئی اُلجھن نہ ہو۔

جگہ کا انتخاب

گھر میں باورچی خانہ کی جگہ کہاں ہونی چاہیے؟ اس کا دارومدار اس بات پر ہے کہ آپ کے پلاٹ کی ہیئت اور حجم کیا ہے۔ اگر آپ کے پلاٹ کا حجم کم ہے اور با ور چی خانہ اس کے داخلی دروازے کے نزدیک ہے تو آپ کو کچھ باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ جیسے کہ باورچی خانہ میں ضرورت کا تمام سامان موجود ہو اور سامان کو اس طرح ترتیب سے رکھا جائے کہ وہ کبھی بھی بکھرا ہوا نہ لگے، جب کہ کوڑے دان (ٹریش بِن) کی جگہ باورچی خانےکے نزدیک ہی ہونی چاہیے۔

ہوا کی گزرگاہ کا انتظام

حالانکہ آج کے دور میں جب زمین کی قیمتیں مہنگی سے مہنگی تر ہوتی جارہی ہیں مگر پھر بھی اپارٹمنٹس یا پلاٹس کی سوسائٹیز میں آرکیٹیکچر کے بنیادی اصولوں کا خیال نہیں رکھا جاتا، جس کی وجہ سے ہمیں اکثر باورچی خانے بند بند سے ملتے ہیں اور قدرتی ہوا کی گزرگاہ کے لیے ان میں ایک چھوٹی سی ڈَکٹ بمشکل ہی نظر آتی ہے۔ تاہم، کوشش یہی کرنی چاہیے کہ باورچی خانہ اس طرح تعمیر کیا جائے کہ اس میں قدرتی ہوا کی گزر کا باقاعدہ انتظام موجود ہو۔ اس سے ایک تو باورچی خانہ کی بُو دور ہوتی ہے، دوسرا دیواروں اور فرنیچر پر کائی اور پھپھوند بھی نہیں لگتی ۔

کھڑکیوں کی اہمیت

باورچی خانہ میں کھڑکی یا کھڑکیاں کہاں لگانی چاہئیں؟ یہ ایک مکمل آرکیٹیکچرل سوال ہے۔ باورچی خانہ کی دیوار میں ہم کھڑکی ایسی جگہ نصب کر سکتے ہیں، جو چولہے کے اُوپر نہ ہو کیونکہ ایسی صورت میں کھڑکی سے آنے والی ہوا چولہے کی آگ کو متاثر کرے گی اور کھانا پکانے میں مشکل پیش آئے گی۔ عام طور پر کھڑکی سِنک کے ساتھ لگائی جاتی ہے۔

مصنوعی روشنی کی اہمیت

قدرتی روشنی سے باورچی خانہ زیادہ روشن نظر آتا ہے۔ اس لیے یہاں قدرتی روشن کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، تاہم مصنوعی لائٹس کا انتظام بھی اچھا ہونا چاہیے۔ باور چی خانے میں بجائے ایک ہی جگہ لائٹ لگوانے کے آپ مختلف اور اہم پوائنٹس پر لائٹس لگوا سکتے ہیں۔ ان میں بہترین مقامات یہ ہوسکتے ہیں:

٭ چھت پر اگر کوئی شیڈ بنا ہوا نہیں ہے تو درمیان میں لائٹ نصب کریں اور اگر آپ کے با ورچی خانے میں کبڈ، سلیب یا فرنیچر رکھا ہے تو اس طرح سے لائٹ نصب کروائیں کہ آپ کے کام کرنے کے دوران سایہ نہ بنے ورنہ اس سے پریشانی ہوتی ہے۔

٭ لائٹس کے لیے ایک اور بہترین جگہ سلیب کے اوپر لگے ہوئے کبڈز ہیں۔ ان کبڈز پر لائٹ کی فٹنگ سے سلیب پر اچھی طرح روشنی آئے گی اور آپ کو کام میں آسانی ہو گی۔ ایک بات کا دھیان رکھیں کہ لائٹس کے مختلف رنگ نہیں ہونے چاہئیں، ورنہ آپ کو کھانوں کے صحیح رنگ دیکھنے میں دقت ہو سکتی ہے۔

چولہے کی جگہ

باورچی خانے میں چولہا سب سے ضروری اور بنیادی چیز ہے جس کا اوون کے ساتھ مکمل سیٹ ہوتا ہے۔ چولہا ایسی جگہ پر ہونا چاہیے جہاں گیس اور بجلی کی فٹنگز بالکل قریب ہوں اور کھانے کی میز پر چیزیں سرو کرنے میں کوئی مشکل نہ ہو۔ چولہےکے پاس دیوار کے ساتھ ایک میز یا کوئی سلیب ہونی چاہیے تاکہ پکانے کے دوران بنانے والی چیزیں وہاں رکھی جا سکیں۔

فریج کی جگہ

اگر آپ کا باورچی خانہ چھوٹا ہے تو آپ کو فریج رکھنے میں خاص خیا ل رکھنا چاہیے کہ وہ صحیح جگہ پر رکھا جائے تاکہ آپ کو کام کرنے میں دقت نہ ہو۔ فریج کا دروازہ کھولنے میں مشکل نہیں ہونی چاہیے، چیزیں آسانی سے رکھی اور نکالی جا سکیں۔ اگر کوئی فرد فریج کا دروازہ کھولنا چاہے تو باورچی خانے میں کام کرتے ہوئے کسی دوسرے شخص کو جگہ کی تنگی کا احساس نہیں ہونا چاہیے۔

دیگر سامان کی ترتیب

کیبنٹس کا سائز اور اسٹائل مختلف بھی ہو سکتا ہے، یہ اس پر منحصر ہے کہ آپ کس کیبنٹ میں کیا چیز کتنی مقدار میں رکھیں گے۔ اسی طرح درازوں کا بھی استعمال مختلف چیزوں کے لحاظ سے مختلف ہوتا ہے۔

ان چیزوں کا خیال رکھ کر آپ محدود جگہ پر بھی عملی، آسانی سے قابلِ رسائی اور ایک بہترین باورچی خانہ تعمیر کروا سکتے ہیں۔