دستر خوان کی شان سحری اور افطاری کے پکوان

April 09, 2021

چند روز بعد رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا آغاز ہونے والا ہے ،اس مہینے کے لیے بہت سی خواتین کافی ساری تیاریاں پہلے سے کر لیتی ہیں ۔بعض خوا تین کچھ پکوان بنا کر فریز کرلیتی ہیں ،تا کہ وہ سحری اور افطاری کا کام چھٹ پٹ کرسکیں ۔ہم نے سوچا کیوں نہ رمضان شروع ہو نے سے پہلے آپ کی کچھ مدد کردی جائے ۔اس ہفتے ہم آپ کو سحری اور افطاری کے چٹ پٹے اور کٹھے میٹھے پکوان کی تر کیب بتا رہے ہیں ۔انہیں بنا کر اس سال رمضان میں سحری اور افطاری کا مزہ دوبالا کریں ۔

روغنی پراٹھا

اجزا : میدہ تین کپ، سوجی آدھاکپ ،نمک حسبِ ذائقہ، دہی ایک کپ،کھانے کا سوڈا ایک چائے کا چمچہ، دودھ ایک کپ ،گھی حسبِ ضرورت۔

ترکیب :میدہ اور سوجی چھان کر نمک اور سوڈا ملالیں۔ تین کھانے کے چمچے گھی ڈال کر ہاتھ سے ملیں اور ہلکی سی دودھ کی چھینٹے ڈال کر گوندھ لیں (اگر پانی کی ضرورت ہو تو ملالیں) آدھے گھنٹے ململ کے کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں، پھر چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا کر گھی لگا کر بیل لیں۔ یہ عمل دومرتبہ کریں۔ دوبارہ پیڑے بنا کر بیل کر گرم توے پر ڈالتی جائیں اور تھوڑا تھوڑا گھی بھی لگاتی رہیں ۔تہہ دار روغنی اور پھولے ہوئے پراٹھے کسی بھی چیز کے ساتھ کھائیں بہت مزے کے لگیں گے۔

قیمہ

اجزا: گائے کا قیمہ آدھا کلو،دہی ایک پاؤ، لیموں ایک عدد، پیاز تلی ہوئی دو عدد، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، پسا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، کٹی ہوئی لال مرچ دو چائے کے چمچے، پپیتا ایک کھانے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، ادرک اور لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچے، نمک حسبِ ضرورت، ہری مرچ اور ہرا دھنیا حسبِ ضرورت، تیل آدھی پیالی۔

ترکیب :گائے کا قیمہ دھو کر ا س میں پپیتا،کٹی ہوئی لال مرچ ،ہلدی ،نمک ،زیرہ اور پسا ہواگرم مسالہ ڈال کر اچھی طرح یک جا کرلیں ۔ساتھ تلی ہوئی پیاز ،دہی ،ادرک اور لہسن کا پیسٹ ڈال کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں ۔اب ایک پتیلی میں تیل گرم کر کے اس میں مسالہ ملا قیمہ ڈال کر ہلکی آنچ پر آدھے گھنٹے کے لیے پکائیں اور دیگچی ڈھانپ دیں ،جب پانی خشک ہوجائے تو اس میں حسبِ ضرورت ہری مرچ اور ہرا دھنیا باریک کاٹ کر شامل کردیں ۔ آخر میں لیموں کا رس ڈال کر گرم گرم چپاتی یا پراٹھے سے کھائیں ۔

آملیٹ

اجزا: انڈے دوعدد، ہری مرچ دوعدد، چھوٹی پیاز ایک عدد، چھوٹا ٹماٹر ایک عدد،پسا ہوا دھنیا ایک چائے کا چمچہ ،زیرہ ایک چائے کا چمچہ،ہلدی دو چٹکی، نمک حسب ِذائقہ ۔

ترکیب:تمام سبزیوں کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر ایک طرف رکھ دیں۔ایک درمیانے سائز کا برتن لیں اور انڈے توڑ کر اس میں ڈال دیں۔اس کے بعد کٹی ہوئی سبزیوں کو اس میں شامل کرلیں۔آخر میں مسالےاور نمک بھی شامل کردیں۔ مکسچر کو اچھی طرح پھینٹیں۔ اب درمیانی آنچ پر پین میں تیل گرم کریں۔ آہستہ آہستہ انڈے کے مکسچر کو اس پر انڈیلیں۔پین کو ٹیڑھا کرکے سطح پر انڈے کے مسکچر کو کوٹنگ کریں۔ دو منٹ بعد چمچے کی مدد سےاور نرمی سے کناروں کو دبائیں۔اب انڈے کو پلٹ دیں اور دوسری سائیڈ کو دو سے تین منٹ تک پکائیں، پھر پلیٹ میں سجاکر مزیدار آملیٹ سے لطف اندوز ہوں۔

چناچاٹ

اجزا:چنےدو پیالی ،املی کاپیسٹ ڈیڑھ کھانے کا چمچہ، آلودوعدد، دہی آدھا پاؤ، پیاز ایک عدد، ٹماٹر ایک عدد،ہری مرچیں چارعدد، پسا ہواہرادھنیا ایک چائے کا چمچہ ،پودینا چند پتے، نمک حسب ذائقہ ،کُٹی لال مرچ حسب ِذائقہ ،چاٹ مسالہ آدھا چائے کا چمچہ ، پاپڑی حسبِ ضرورت،تیل دو چائے کے چمچے۔

ترکیب:چنوں کو دو گھنٹے کے لیے بھگو دیں، پھر چنے اور آلو اچھی طرح اُبال لیں۔ایک باؤل میں پیاز، ٹماٹر، پودینا اور ہرادھنیا کے علاوہ تمام مسالے اور املی کا پیسٹ ڈال کر مکس کرلیں۔ چنے اور آلو گل جائیں تو آلو چھیل کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے املی اور مسالے کے پیسٹ میں ڈال دیں۔ ایک پین میں تیل گرم کریں۔ اس میں پیاز ڈال کر گرم کرلیں، پھر اس پیاز میں ٹماٹر ،پودینا اور ہرادھنیا ڈال کر مکس کریں اور چاٹ پر ڈال دیں ۔آخر میں اوپر سے پاپڑی ڈال دیں۔ مزیدار چنے کی چاٹ تیارہے۔

ہری مرچوں کے پکوڑے

اجزا: بیسن آدھا کپ،نمک حسبِ ذائقہ، کھانے کا سوڈا ایک چائے کا چمچہ، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، اجوائن دو چٹکی بڑی ہری مرچیں آ ٹھ عدد،پیاز ایک عدد درمیانی، نمک حسبِ ضرورت، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، تیل حسب ِضرورت ، چاٹ مسالہ ایک کھانے کا چمچہ، انار دانہ دو کھانے کے چمچے۔

ترکیب:چھری کی مدد سے ہری مرچیں بیچ میں سے ہلکی سی کاٹ کر بیچ نکا لیں۔ اس کے بعد تمام مسالوں کو اچھی طر ح ملا کر اسے چھوٹے چمچے کی مدد سے مرچوں میں بھر دیں۔بیسن میں پانی مکس کرکے آمیزہ بنا لیں۔کڑھائی میں تیل گرم کر یں۔ مسالہ بھری ہوئی مرچوں کو بیسن میں لپیٹ کر درمیانی آنچ پر تلیں اور سنہرا ہونے پر نکال لیں ۔کیچپ یا چٹنی کے ساتھ کھائیں۔

املی کی چٹنی

اجزا: املی ایک پیالی،نمک حسبِ ذائقہ،گڑ / چینی دو سے تین کھانے کے چمچے، پسی ہوئی لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ،سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، سب چیزوں کو ملا کر ہلکی آنچ پر دس منٹ تک پکائیں پھر چولہے سے اُتار لیں ، اچھی طرح ٹھنڈا کرکے بوتل میں محفوظ کر لیں ۔

کٹھی میٹھی مکس فروٹ چاٹ

اجزا:کیلے چار عد،خربوزہ ایک عدد، امرود ایک کپ، سفید چنے (ابلے ہوئے)آدھا کپ، چینی پسی ہوئی چوتھائی کپ ،لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے، نمک حسبِ ذائقہ ،سیب دو عدد،اسٹرابیری دس عدد۔

ترکیب:کیلے چھیل کر کاٹ لیں۔خربوزہ چھیل لر کیوب کاٹ لیں۔امرود کے بیج نکال کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ لیں۔ سیب کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ لیں۔ایک بڑے پیالے میں کیلے ،خربوزہ ،امرود، سیب، اسٹرابیری، سفید چنے، چینی، لیموں کا رس اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں ۔فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔سرونگ ڈش میں نکال کر ٹھنڈی ٹھندی کھٹی میٹھی چاٹ افطاری میں سرو کریں۔

املی آلو بخارے کا شربت

اجزا: املی آدھا پائو، آلو بخارہ آدھا پائو ،خشک کاسٹر شوگر آدھا کپ، کالا نمک آدھا چائے کا چمچہ ،برف حسب ِضرورت ،تخم ملنگا دو کھانے کے چمچے ۔(اگر ضرورت ہو تو املی اور آلو بخارہ کو الگ الگ ایک کپ پانی میں رات بھر کے لیے بھگو دیں )۔ پھر بیج نکال کر بلینڈر میں بلینڈ کرلیں۔

بعد ازاں دو کپ پانی میں کاسٹر شوگر کے ساتھ اس مکسچر کو پانچ منٹ پکاکر نکال لیں ۔بلینڈر میں برف مکسچر اور نمک ڈال کر بلینڈ کرلیں ۔ٹھنڈا کرکے افطاری میں سرو کریں۔ تخم ملنگا بھگو کر گارنشنگ کے لیے استعمال کریں۔