”حقوق کراچی تحریک“کا مقصد صرف انتخابات جیتنا نہیں، حافظ نعیم

April 12, 2021

کراچی (اسٹاف رپوٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہاہے کہ حکمران کراچی کو پاکستان کا حصہ نہیں سمجھتے، بلکہ صرف مال جمع کرنا جانتے ہیں،”حقوق کراچی تحریک“کا مقصد صرف انتخابات جیتنا نہیں بلکہ شہریوں کے مسائل بھی حل کروانا ہے، بلدیہ ٹائون کی نشست این اے 249 پر ضمنی انتخاب کے اعلان کے ساتھ ہی یہ علاقہ تمام پارٹیوں کا پسندیدہ حلقہ بن گیا، یہ وہی حلقہ ہے جس میں فیکٹری مزدوروں کو آگ میں زندہ جلادیا گیا، اس وقت کسی نے اس آبادی کی اورسانحہ بلدیہ کے لواحقین کی خبر گیری نہیں کی، بستی کے عوام جان لیں کہ 29 اپریل کے بعد بلدیہ ٹاؤن میں جماعت اسلامی کے سوا کوئی پارٹی نہیں آئے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت جاری ”حقوق کراچی تحریک“ کے سلسلے میں بلدیہ ٹاؤن کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے ”حق دو بلدیہ ریلی“حب ریور روڈ پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ریلی سے امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی فضل احد حنیف ودیگر نے بھی خطاب کیا،ریلی کا آغاز حب ریور روڈ سے ہوا ریلی کے شرکا ء موٹر سائیکلوں، بسوں اور ٹرکوں پر سوار تھے،حافظ نعیم الرحمن نےاپنے خطاب میں کہاکہ بلدیہ ٹائون میں ٹینکر مافیا کا راج ہے، حکومتی جماعتوں کے عہدیداروں کی ملی بھگت سے علاقے کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم نہیں کیا جارہا،کراچی کی جعلی مردم شماری کے نتیجے میں شہریوں کو جائز حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے، حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر درست مردم شماری کروائی جائے اور کراچی میں شفاف بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔