تھیلیسیمیا کے خاتمے کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا، خالد مقبول

April 12, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ خد مت خلق فاؤنڈیشن انڈس اسپتال اور محمدی بلڈ بینک کے اشتراک سے تھیلیسیمیا کیخلاف جہاد جاری رکھے گی، وہ اتوار کو متاثرہ بچوں کیلئے خون کےعطیات جمع کرنے کے لئے لگائے گئےکیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ اس مہلک بیماری کے خاتمے کیلئے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگا اور وہ نوجوان مرد اور خواتین جو رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے جا رہے ہیں وہ معمولی سے خون کے ٹیسٹ کے زریعے سے اپنی آنے والی نسلوں کو نہ صرف محفوظ رکھ سکتے ہیں بلکہ اس مہلک مرض کے سبب پیدا ہونے والی مشکلات اورامتحان سے بچ سکتے ہیں۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم مزید علاقوں میں بھی کیمپ لگائیں گے۔اس موقع سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان،دُپٹی کنوینر نسرین جلیل،ڈپٹی کنوینر وسیم اختر اور دیگر اراکین رابطہ کمیٹی بھی موجود تھے۔دریں اثناءخد مت خلق فاؤ نڈیشن پاکستان،انڈس اسپتال اور محمدی بلڈ بینک کے اشتراک سے فیڈرل بی ایریا بلاک 14میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کیلئے خون کے عطیات جمع کرنے کے لئے کیمپ لگایا گیا،جس میں صبح سے ہی رضاکاروں اور عوام کی بڑی تعداد نے خون کے عطیات دئے۔ کیمپ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد،مختلف انجمنو ں اور فلاحی اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد نے دورہ کیا ،پاکستان رینجرز کے سیکٹر کمانڈر کرنل طاہر نے اپنے دورے کے دوران تھیلیسمیا بچوں کو خون عطیہ کرنے کی مہم شروع کرنے پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا۔