قوم چوتھے وزیر خزانہ کے مسلط کئے جانے پر تذبذب کا شکار ہے‘عمرانی

April 21, 2021

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا پر بلیک آئوٹ مسلط کرکے سلطنت عمرانیہ کن زمینی حقائق پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے قوم فکری شعور رکھتی ہے اس دور جدید میں اسے زیادہ دن ابہام میں رکھا نہیں جاسکتا۔ کھربوں کے گھپلے، مافیاز کی منفی سرگرمیاں، وزارتوں کی اکھاڑ پچھاڑ، اپنوں کو نوازے جانے کا عروج،این ایف سی ایوارڈ سے چشم پوشی، لفاظی اعلانات، مصنوعی مہنگائی مسلط کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ زنی، ترقیاتی عمل پر قومی تحفظات، عدم مساوات، معاشی و سیاسی قتل عام، ووٹ کے تقدس کی پامالی، آئین کو اپنی مرضی کے سانچے میں ڈھالنے کی سازشیں، عزت نفس مجروح کرنا کیا اس منفی طرز سیاست و حکمرانی کو قوم کی نظروں سے اوجھل رکھا جاسکتا ہے ہر گز نہیں۔ قوم ہر اس سازش سے آگاہی رکھتی ہے جس کا ابھی پیپر ورک بھی مکمل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار کو گمبھیر تر ہوتے ہوئے معاملات کی حساسیت کا اندازہ ہی نہیں ہے ۔ دوست ممالک کا ہاتھ کھینچ لینا اور پیچھے ہٹ جانا ہمارے قومی مطلوبہ اہداف کے حصول میں بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔ فیصلوں کا بغیر مشاورت کے مسلط کیا جانا منفی رویوں اور رجحانات کی تقویت کا سبب بنتا ہے۔ مسلط کردہ حکمران اسی بنیادی نکتے سے نابلد ہیں ان کی سیاسی تربیت جس انداز اور ماحول میں کی گئی اس کے صف اول پر جی حضوری لکھا ہے حقیقی جمہوریت و عمل کا نام دور تک نہیں صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلایا جارہا ہے۔ غیر حقیقی تبدیلی کے مضر اثرات نے خط غربت سے بھی نیچے زندگی گزارنے والوں کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے ۔ صادق عمرانی نے کہا کہ قوم چوتھے وزیر خزانہ کے مسلط کئے جانے پر تذبذب کا شکار ہے کہ یا تو ملکی خزانہ اس قدر بھر چکا ہے کہ کسی بھی وزیر سے سنبھالا نہیں جارہا یا پھر اس حد تک خالی ہوچکا ہے کہ قرضوں کی بھرمار کے باوجود بھر ہی نہیں پارہا۔انہوں نے کہا کہ جو شخص مذاکرات سے تھک جائے اسے داخلی دروازے کی چوکیداری کا کوئی حق نہیں اب تک تو اچھی خبریں نہیں آئیں کارکردگی ایسی ہی رہی تو بری خبریں آنے میں دیر نہیں لگے گی۔