کمشنر، اراکین اسمبلی کا رمضان بازار کا دورہ، پیمانے چیک کئے

April 21, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے ممبران صوبائی اسمبلی کے ہمراہ رمضان بازار کا دورہ کیا۔ انہوں نے صارفین سے اشیائے خورونوش کے معیار اور قیمتوں بارے دریافت کیا جبکہ مختلف سٹالز پر اشیاء کا معیار، ناپ تول کے پیمانے بھی چیک کئے۔ ممبران صوبائی اسمبلی نے رمضان بازاروں میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے کہا کہ ڈویژن میں 23، ضلع ملتان میں 11 رمضان بازار مکمل فعال کر دیے گئے ہیں، رمضان بازاروں میں عوام کا رش، حکومتی پالیسی پر اعتماد کا اظہار ہے۔ کم قیمت پر بہترین کوالٹی کی اشیاء کی فراہمی شہریوں کی رمضان بازاروں میں موجودگی کا سبب ہے۔ ڈویژن کے تمام رمضان بازاروں میں فئیرپرائس شاپس قائم کردی گئیں ہیں۔ کمشنر، ایم پی ایز نے بہترین انتظامات پر رمضان بازار کی انتظامیہ کی کاوش کو سراہا۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی واصف راں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے اربوں روپے کی سبسڈی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ سلیم لابر نے کہا کہ حکومت نے سستے رمضان بازار سجا کر شہریوں کو براہ راست ریلیف دیا ہے۔ طارق عبداللہ نے کہا کہ رمضان بازاروں میں کرونا کنٹرول بارے حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد ضروری ہے۔