• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو سال میں ہونے والے پاکستان ہاکی ٹیم کے دوروں کی تحقیقات کی جائے، شہلا رضا

شہلا رضا : فائل فوٹو
شہلا رضا : فائل فوٹو 

ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ شہلا رضا کا کہنا ہے کہ دو سال میں پاکستان ہاکی ٹیم کے جو دورے ہوئے ان کی تحقیقات کی جائے۔

کراچی میں اولمپیئن سمیع اللّٰہ، حنیف خان، کلیم اللّٰہ، وسیم فیروز، ناصر علی، ایاز محمود اور دیگر اولمپینز  کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہلا رضا نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ کہ ہاکی کی بے انتظامی کا نوٹس لیا، دو سال سے آواز اٹھا رہے تھے کہ فیڈریشن میں بیٹھے لوگ کرپٹ ہیں۔

شہلا رضا نے کہا کہ کرپشن صرف دورہ آسٹریلیا میں نہیں ہوئی، فیڈریشن والوں نے ہمیشہ فنڈز کی کمی کا رونا رویا، کھلاڑیوں کے مسائل کی آڑ میں فائدے اٹھاتے رہے، رانا مجاہد، آصف باجوہ اور شہباز احمد مالی بدعنوانیوں میں ملوث ہیں، طارق بگٹی نے انتظامی بے ضابطگیوں کے ریکارڈ توڑ دیے۔

انہوں نے کہا کہ اذلان شاہ ہاکی کپ میں صدر اور سیکریٹری، کھلاڑیوں کے کمروں میں رہے، ہاکی کی خرید و فروخت میں بڑی کرپشن ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کو صرف ہاکی سے نہیں ڈسا جارہا، پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشین کے سیکریٹری سالوں سے عہدوں پر چمٹے ہوئے ہیں۔

شہلا رضا نے کہا کہ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے معاملات کا نوٹس لیں، شہباز احمد آسٹریلیا میں بیٹھ کر میڈیا کو جھوٹا قرار دیتے ہیں، کھلاڑیوں نے سچ بول دیا تو لوگ استعفیٰ دے کر جانے لگے۔

ممبر کمیٹی نے مزید کہا کہ میں اسٹینڈنگ کمیٹی میں شور کرتی رہی، کسی نے نہیں سنی، اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ میں یہ بات واضح ہے پرو لیگ کے معاملات پاکستان اسپورٹس بورڈ دیکھے گا، جب اسپورٹس بورڈ نے خود ذمہ داری لی تو پھر کروڑوں کا چیک کیوں دیا؟ وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ جن لوگوں نے کرپشن کی انہیں جانے نہ دیں۔

شہلا رضا نے کہا کہ میں کوئی عہدہ نہیں چاہتی، پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سالوں سے عہدوں پر چمٹے ہوئے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید