پشاورٗ بغیر سیٹ بیلٹ کے ڈرائیونگ پر 14739 افراد کا چالان

April 21, 2021

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گزشتہ ماہ بغیر سیٹ بیلٹ کے ڈرائیونگ کرنے پر 14739 افراد کا چالان کیا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی خاطر دیگر مہمات کی طرح بغیر سیٹ بیلٹ کے ڈرائیونگ کرنیوالوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں جس کے تحت گزشتہ ماہ سیٹ بیلٹ کے بغیر ڈرائیونگ کرنے پر 14739 افراد کا چالان کیا ہے اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہر بھر کے تمام سیکٹروں میں شہریوں کو سیٹ بیلٹ کے استعمال سمیت کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے تحت سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیمیں مختلف اوقات میں ٹریفک قوانین سے متعلق شہریوں کو آگاہی دیتی ہیں تاکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ شہری دوران سفر سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں کیونکہ حادثات کی صورت میں سیٹ بیلٹ سے جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری سیٹ بیلٹ کے استعمال اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کر کے ہی سفر کو محفوظ بنا سکتے ہیں جبکہ چھوٹی سی غلطی بڑے حادثے اور جانی نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک سے متعلق دیگر قوانین سمیت سیٹ بیلٹ کے استعمال پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائیں۔