پشاور کی مارکیٹوں کو رات میں کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ

May 05, 2021

پشاور (جنگ نیوز)پاکستان ہندکووان تحریک نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ لاک ڈائون کا نوٹیفکیشن واپس لیکررمضان المبارک میں ایس او پیز کے تحت پشاور کی مارکیٹوں کو رات کے اوقات میں بھی کھولنے کی اجازت دی جائے ۔ صوبائی جنرل سیکرٹری خواجہ محمد اکبر سیٹھی ‘صدر ملک عمران ‘صوبائی میڈیا آرگنائزر جمال ناصر ‘نائب صدر احمد صمد ‘وومن ونگ صدر طیبہ افضل ‘ضلعی صدر ہاشم خان لالہ ‘نائب صدر ملک شان الٰہی اور دیگر نے اجلاس میں کہاکہ عید آنے والی ہے اور ایسے وقت میں دہشت گردی اور لاک ڈائون سے متاثرہ تاجروں کے کاروبار کو بند کیا گیا تو ا ن کیلئے نان جوئیں کا مسئلہ بھی پیدا ہوسکتا ہے کیونکہ اکثریت تاجروں کی ایسی ہے کہ جن کا پورے سال کا انحصار رمضان کے آخری ایام کے کاروبار پر ہوتا ہے تاجروں کو اتنا تنگ نہ کیا جائے کہ ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے اب کورونا کیسز میں کمی بھی آرہی ہے تو حکومت بھی بزنس کمیونٹی کیساتھ نرمی کرے ۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ محمود خان اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز سے مطالبہ کیا کہ سخت ایس او پیز کیساتھ بازار کھولا جائے تاکہ ملکی معیشت پر بھی بوجھ نہ پڑے اور شہری تسلی سے اپنی خریداری کر سکیں۔