برطانیہ کی پاکستان پر پابندیاں ناانصافی ہیں، امجد ملک

May 06, 2021

راچڈیل (ہارون مرزا)اے پی ایل برطانیہ کے صدر او پی ایف کے سابق چیئرمین ، انسانی حقوق قوانین کے ماہر بیرسٹر امجد ملک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سے برطانیہ پہنچنے والے مسافروں کے لیے اپنے خرچہ پر 10 یوم تک ہوٹل میں قرنطین کرنے کی پالیسی پر تارکین وطن میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی ہے ،اس مطالبے میں شدت آنے لگی ہے کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ کرے، برطانیہ نے ہندوستان کو اس وقت ریڈ لسٹ میں شامل کیا جب ہندوستان میں کورونا کی وبا عروج پر پہنچ گئی ، دوسر ی طرف پاکستان میں کورونا کی وبا پر کنٹرول کر لیا گیا ہے مگر پاکستا ن کیلئے پھر بھی سخت پابندیاں نافذ ہیں، برطانوی حکومت پاکستانیوں کو اپنے عزیز واقارب ، والدین اور دوستوں کے ساتھ عید منانے کی اجازت دے ،غیر ضروری سختیوں اور بلاجواز پابندیوں سے تارکین وطن اضطراب کا شکار ہیں، گزشتہ عید پر بھی لاک ڈائون کے باعث لوگ اپنے پیاروں کے ساتھ عید پر ملاقات نہ کرسکے اور نہ ہی خوشیاں بانٹنے کا خواب پورا ہو سکا ،اس عید الفطر پر بھی پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کر کے عید کے موقع پر تارکین وطن کو اپنے پیاروں سے دور کر دیا گیا ہے جو ناانصافی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں کورونا بڑی حد تک کنٹرول میں آ چکا ہے لہذاپاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال کر گرین لسٹ میں ڈالا جائے۔ چیئر مین ایسوسی ایشن آف پاکستان لائرز برطانیہ بیرسٹر امجد ملک نے عالمی یوم صحافت کے حوالے سے کہا کہ صحافی اور صحافت کی حفاظت کیلئے ریاست اور عوام اپنا کردار ادا کریں ،فری پریس اور میڈیا ریاستی آزادیوں کی حفاظت کرتا ہے ،آج میڈیا کو بے شمار پابندیوں اور مشکلات کا سامنا ہے ، خوف اور ڈر کے بنا آزادانہ اخلاقیات پر عمل ہوگاتمام مشکلات کے باوجود سوشل میڈیا کے ذریعے شمع جلائے رکھنے والے صحافی مبارکباد کے مستحق ہیں ،آج کے دن عہد کریں کہ عوامی حق جان کاری کے لئے معیاری آزادانہ صحافت کو سپورٹ کریں گے۔