محکمہ مواصلات و تعمیرات میں 700 نئی آسامیوں کی تشکیل کی گئی ہے،ریاض خان

May 06, 2021

پشاور( جنگ نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان نے کہا ہے کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے محکمے میں مکمل طور پر ری سٹرکچرنگ کا عمل جاری ہے جس کے تحت 700 نئی آسامیاں بھی تشکیل کی گئی ہیں ۔جن میں کچھ کو مشتہر بھی کیا جا چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمے میں پیش رفت کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات سمیت متعدد افسران نے شرکت کی۔ معاون خصوصی ریاض خان کا کہنا تھا کہ محکمہ نے ہر ضلع میں بلڈنگ کنٹرول ڈویژن اور ہائی وے ڈویژن کو مکمل طور پر الگ کیا گیا ہے تاکہ دونوں ڈویژنوں میں مزید بہتری لائی جاسکے۔ ریاض خان نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات ضم شدہ اضلاع میں مکمل طور پر فعال اور ہنگامی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ مشتہر شدہ آسامیوں کا عمل میرٹ اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا تاکہ محکمے کو قابل اور مستحق لوگوں کی خدمات حاصل ہو سکیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ کی جانب سے مختلف شعبوں کیلئے بلڈنگز کا مخصوص ماڈل ڈیزائن ترتیب دئے گئے ہیں اور اس طرح دیہی و شہری علاقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں کیلئے الگ بلڈنگ پلان بھی تیار کئے گئے ہیں۔