اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے 5ایمبولینس فراہم کردیں

May 08, 2021

کوئٹہ(این این آئی)اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے محکمہ صحت بلوچستان کو جدید سہولیات سے آراستہ 5ایمبولینس فراہم کردی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو اقوام متحدہ ادارہ برائے مہاجرین کوئٹہ کے سربراہ اروین پولیسر (Erwinpolicar)نے چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی جانب سے پانچ ایمبولینس فراہم کردی گئیں یہ ایمبولینس کورونا وائرس سیل ،ایمرجنسی سروس 1122اور موبائل ٹیلی میڈیسن یونٹ کو فراہم کی گئی ہیںاقوام متحدہ کے نمائندے اروین پولیسر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی جانب سے بلوچستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں اور صحت عام کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ایمبولینسیں فراہم کی ہیں یواین ایچ سی آرپاکستان اوراسکی عوام کے ساتھ انکی صحت کیلئے کھڑا ہے بالخصوص یہاں رہنے والے مہاجرین کو بھی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ5ایمبولنیسیں فراہم کرنے سے محکمہ صحت کو مریضوں کو طبی امداد فراہم کرنے اور ہسپتال منتقلی میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے انسدادکورونا وائرس ویکسینیشن پروگرام میں مہاجرین کی شمولیت مثبت اورخوش آئند اقدام ہے جس کی عالمی سطح پر پذیرائی ہونی چاہئے۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت بلوچستان نورالحق بلوچ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔