وزیر اعلیٰ جام کمال کی اپنی پارٹی کے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو سے ناراضی بڑھ گئی

May 10, 2021

وزیر اعلیٰ جام کمال کی اپنی پارٹی کے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو سے ناراضی بڑھ گئی

کوئٹہ( این این آئی)بلوچستان کے وزیر اعلی جام کمال کی اپنی پارٹی کے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو سے ناراضی بڑھ گئی وزیر اعلی بلوچستان نے خط لکھ کر اسپیکر کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔وزیر اعلی بلوچستان جام کمال کی جانب سے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کے نام لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر ہاوس کا نگران ہوتا ہے جس کا کام اسمبلی کارروائی کو حل پر مبنی بنانا ہے، اسپیکر کا کام ہاوس کو ڈسپلن کے ساتھ بامعنی بنانا ہوتا ہے، تاہم اپوزیشن کے ارکان حکومتی بنچوں کے خلاف غیر مناسب الفاظ استعمال کرتے ہیں ،اپوزیشن کے ارکان اسپیکر کا اختیار استعمال کرتے ہیں، اپوزیشن ارکان، حکومتی ارکان کو خاموش رہو، بیٹھ جاو جیسے الفاظ کہتے ہیں ،سوال جواب کے سیشن کے دوران آوٹ آف ٹرن تقریر شروع کردیتے ہیں، خط کے متن میں مزید کہا کہ اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے کام کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے، اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی رپورٹ وقت پر جمع نہیں کرائی جاتی ہے اسمبلی اجلاسوں میں قوائد کے خلاف اپوزیشن کو زیادہ وقت دیا جاتا ہے۔ حکومتی بینچوں کے ارکان سے امتیازی سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ حکومتی ارکان کے اسمبلی کی کاروائی کے حوالے سے کئی تحفظات ہیں۔ خط میں تجویز دی گئی کہ اسپیکر دیگر صوبوں کی اسمبلیوں کے رولز اور قوائد کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتی اور اپوزیشن ارکان کو مساوی وقت دیا کریں۔