تمپ میں 132کے وی ٹاور کی مرمت کرکے بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ،ترجمان کیسکو

May 10, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روزشدید طوفانی بارش اور آندھی کے باعث تربت اور تُمپ کے درمیان ناصرآباد کے قریب 132 کے وی کاایک ٹاور گرگیاتھا جس کی وجہ سے تربت، گوادر، گوادرڈیپ سی پورٹ، پنجگور، ہوشاپ، پسنی، اورماڑہ گرڈاسٹیشنوں کوبجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔رمضان المبارک میں صارفین کی مشکلات کو مدنظررکھتے ہوئے کیسکوکے شعبہ گرڈسسٹم آپریشن(جی ایس او)تربت نے نامساعد حالات کے باوجود گزشتہ شب ہی گرے ہوئے ٹاورکی مرمت اوربجلی کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ٹیمیں روانہ کرکے کام شروع کردیااورسخت گرمی میں کام کرتے ہوئے اتوارکی دوپہر تک مذکورہ ٹاورکی مرمت کاکام مکمل کرلیاجس کے بعد اب تربت، گوادر،گوادرڈیپ سی پورٹ،پنجگور، ہوشاپ،پسنی، اورماڑہ گرڈاسٹیشنوں کو بجلی بحال ہوگئی ہے اور اب معمول کے مطابق مکران کے تمام علاقوں کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔