سرسبز پاکستان کے منصوبوں پر توجہ دے رہے ہیں ‘ اشتیاق ارمڑ

May 10, 2021

پشاور(جنگ نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات ، ماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد اشیاق ارمڑ نے ایک بیان میں کہا کہ زیادہ جنگلات مہلک امراض کی روک تھام کا سبب بن سکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حکومت سرسبز پاکستان کے منصوبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ کورونا کی موجودہ صورت حال پر قابو پانا محکمہ جنگلات و ماحولیات کی ترجیحات میں شامل ہے لہذا عوام سماجی فاصلے مدنظر رکھیں اور ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں ۔ صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا کی شدت کو کم کرنے کے لئے آلودگی کا خاص خیال رکھیں اور کوڑا کرکٹ جگہ جگہ نہ پھینکیں تاکہ ماحول صاف اور ستھرا ہو ۔ ماہرین ماحولیات سے صاف ستھرا ماحول بنانے کے لئے جنگلات کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ خوش قسمتی سے خیبر پختونخوا میں جنگلات کی شرح روز بروز بڑھ رہی ہے اور عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ جنگلات اور ماحولیات کو حقیقی معنوں میں ترقی دینے کے ایک جامع حکمت عملی بنائی گئی ہے ۔ انہو ںنے عوام سے اپیل کی کہ سرسبز اور پاک و صاف ماحول بنانے حکومت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مستقبل میں آلودگی سے پاک معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے ۔