ارب پتی دادا کی جائیداد نرس کو ورثہ میں ملنے کا ڈر، بیٹے، بہوئیں اور پوتے پوتیاں اپنے بیمار دادا کو وہیل چیئر پر اسپتال سے لے اڑے۔
تائیوان کے دارلحکومت تائی پی میں وانگ نامی 102 برس کے شخص کو اسکی اڑسٹھ برس کی نئی بیوی طبی معائنے کے بعد واپس لے جارہی تھی۔
خاتون کو تیمارداری کیلئے رکھا گیا تھا مگر وانگ نے خفیہ طور پر اس سے شادی کرلی تھی اور لاکھوں ڈالر مالیت کی اپنی جائیداد اسکے نام کرنے والا تھا۔
خاتون اپنے عمر رسیدہ شوہر کو لے کر جیسے ہی طبی مرکز سے باہر آئی تو وانگ کے تین بیٹے، تین بہوئیں اور چار پوتے اس پر جھپٹنے کیلئے تیار کھڑے تھے۔
اس موقع پر یہ تمام افراد حرکت میں آئے اور مس لائی کو ایک طرف دھکیل کر وانگ کی وہیل چیئر بھگالے گئے، مس لائی پولیس کو پکارتی رہ گئی اور دھکم پیل میں زخمی بھی ہوئی۔
اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ خاتون نے وانگ کو رام کرکے عزیزوں سے دور کردیا تھا تاکہ اپنا مستقبل معاشی طور پر سنوار سکے۔
رپورٹس کے مطابق وانگ پہلے ہی دو ملین پاؤنڈ مالیت کے اپنے سات پلاٹ سمیت پونے پانچ ملین پاؤنڈ مس لائی اور اس کے بچوں کے نام کرچکا تھا جبکہ اسکے اثاثوں کی مجموعی مالیت تقریباً 19 ملین پاؤنڈ ہے، خاتون نے خود کو بےقصور قرار دیتے ہوئے پولیس رپورٹ درج کرادی گئی ہے۔