ناصر حسین شاہ والدہ کی یاد میں غمزدہ

May 10, 2021

وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنی مرحومہ والدہ کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔

سید ناصر حسین شاہ نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے ماؤں کی اہمیت بیان کی۔

صوبائی وزیر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’پچھلے سال ستمبر میں میری والدہ کی وفات کے بعد یہ پہلا ماؤں کا عالمی دن ہے۔‘

اُنہوں نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اپنی والدہ کی بہت یاد آتی ہے اور میں اُن سے بہت پیار کرتا ہوں۔‘

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ’میری دُعا ہے کہ تمام ماؤں کو خوشیوں سے بھرپور اور صحت و تندرستی والی زندگی عطا ہو۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’اپنی ماؤں کا احترام کریں اور دنیا اور آخرت میں خوشحال ہوں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اُن کا عالمی دن منایا گیا۔

اس دن کو منانے کا مقصد محبت کے خالص ترین رنگ کے لیے ماں کے مقدس ترین رشتے کی عظمت و اہمیت کو اُجاگر کرنا اور ماں کے لیے عقیدت، احترام اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔