مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنی والدہ کے ساتھ اپنے بچپن کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
مریم نواز نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ماضی کی نایاب تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ بہت چھوٹی ہیں اور اُن کی مرحومہ والدہ بیگم کلثوم نے اُنہیں گود میں اُٹھایا ہوا ہے۔
مسلم لیگ نون کی نائب صدر نے تصویر کو ایک جذباتی کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’زندگی گُزارنے کا طریقہ خود سے نہیں بلکہ ماں سے سیکھا جاتا ہے۔‘
مریم نواز نے لکھا کہ ’میری والدہ نے مجھے سب کچھ دیا لیکن بدلے میں کبھی مجھ سے کچھ نہیں مانگا۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میری والدہ جسمانی طور پر تو میرے ساتھ نہیں ہیں لیکن وہ میری ہر سانس میں میرے ساتھ ہوتی ہیں۔‘
واضح رہے کہ بیگم کلثوم کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے سال 2011 میں انتقال کرگئیں تھیں۔
خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آج اُن کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔
اس دن کو منانے کا مقصد محبت کے خالص ترین رنگ کے لیے ماں کے مقدس ترین رشتے کی عظمت و اہمیت کو اُجاگر کرنا اور ماں کے لیے عقیدت، احترام اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔