واسا کی عدم دلچسپی یا فنڈز ندارد؟ 21 واٹر ٹینک پانی سے محروم

May 11, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) واسا انتظامیہ کی عدم دلچسپی اور فنڈز کی کمی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی کے لئے تعمیر کی گئی 21 ٹینکیاں گزشتہ کئی برسوں سے بند ہیں - جس کی وجہ سےشہریوں کے لئے پانی کا حصول مشکل ہو گیا ہے اور انہیں پینے کے صاف پانی کے لئے کئی کلو میٹر کا سفر کرنا پڑتا ہے - بتایا گیاہے کہ گزشتہ 13 برسوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں واسا کے زیر انتظام پانی کی فراہمی کے لئے بنائی گئی ٹینکیاں غیر فعال ہیں ،سوا دو سال قبل ایم ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے بھی واسا کو ٹینکیاں فعال کرنے کا حکم دیا گیا تھا ، جسے نظر انداز کر دیا گیا - واسا انتظامیہ نے غیر فعال ٹینکیوں کو تشہیری مقاصد کے لئے استعمال کر کے ادارے کی آمدنی بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا تھا - اس سلسلہ میں ایک سال قبل نیلامی بھی عمل میں لائی گئی تاہم کسی بھی ٹھیکیدار نے ان ٹینکیوں کو تشہیری مقاصد کے لئے استعمال کرنے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی - جس سے واسا انتظامیہ کا ان غیر فعال ٹینکیوں کے ذریعے آمدنی کا خواب بھی پورا نہ ہو سکا - اس حوالے سے واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان خراب ٹینکیوں کی مرمت کے لئے کم از کم ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم درکار تھی - واسا مالی بحران کا شکار ہونے کی وجہ سے اتنی خطیر رقم ٹینکیوں کی مرمت پر خرچ نہیں کر سکا ، فنڈز ملتے ان ٹینکیوں کا مرمتی کام مکمل کر لیا جائے گا-