فافن کا مشینی ووٹنگ کے نظام پر ریفرنڈم پر زور

May 11, 2021

فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے مشینی ووٹنگ پر اپنا موقف دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ مشینی ووٹنگ پر ریفرنڈم منعقد کروائے جائیں۔

فافن کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ انتخابی قانون 2017 میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بائیومیٹرک مشینوں جیسی ترمیم متعارف کروانے میں عجلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے بلکہ ناگزیر انتخابی اصلاحات پر عوامی مباحثے اور سیاسی مکالمے کا آغاز کیا جائے ۔

یہ بھی کہا گیا کہ وزیراعظم ریفرنڈم کی تجویزپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کرسکتے ہیں، ریفرنڈم سیاسی جماعتوں کو موقع دے گا کہ وہ اپنا موقف شہریوں کے سامنےپیش کریں۔

فافن کے مطابق کوئی بھی بحث اور مکالمہ ملک میں رائج فرسودہ انتخابی نظام کے جائزے سے شروع ہونا چاہیے، متناسب نمائندگی جیسے متبادل اور زیادہ بہتر نظاموں پر غور کیا جانا چاہیے۔

فافن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نمائندگی کے مسئلے کے بعد دوسرا بڑا مسئلہ ووٹروں کی رجسٹریشن کا ہے، دسمبر2017 سے1 کروڑ 12 لاکھ 41 ہزار اہل خواتین انتخابی فہرستوں سے باہر ہیں، فافن

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ایسے عملی اقدامات کئےجائیں جس سے انتخابی نظام زیادہ شمولیتی ہو سکے، اشرافیائی جمہوریت کا جو ماڈل ہمارے ہاں موجود ہے، اس پر دوبارہ غور کی ضرورت ہے۔

فافن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ریاستی اور سرکاری اداروں کی انتخابی عمل میں غیرجانبداری یقینی بنائے جائے، ملک میں حلقہ بندیاں بھی ایک نازک مسئلہ ہیں، آبادی کی بجائے حلقہ بندیاں ووٹروں کی تعداد کے حساب سے کی جائیں۔