رمضان میں سستی اشیائے خورد و نوش میسر رہیں،راشد حفیظ کا دعویٰ

May 12, 2021

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نےکہا ہےکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مہنگائی پیدا کرنے کی تمام تر کوششوں کے باوجود پنجاب حکومت کی کامیاب حکمت کے تحت پورے رمضان المبارک کے دوران عوام کو پھل ، سبزیاں اور دیگر اشیائے خورد و نوش سستے داموں میسر رہیں ۔ کئی عشروں کے بعد ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ یہ رمضان عوام کی جیبوں پر بھاری نہیں گزرا ۔ انہو ں نے یہ بات پبلک سیکریٹریٹ سید پور روڈ میں کھلی کچہری کے دوران کہی ۔ راشد حفیظ نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہش اور کوشش تھی کہ اپنے ہمنوا تاجروں اور بڑے آڑھتیوں کے ذریعے مہنگائی پیدا کی جائے اور پھر اس کو جواز بنا کر عوام کو حکومت کے خلاف اکسایا جائے مگر وہ اپنے اس مقصد میں ناکام ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس دفعہ مؤثر اور کامیاب حکمت عملی کے تحت ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کو روکا ہے ۔ تازہ اور معیاری پھل و سبزیاں عام دنوں کی طرح سستے داموں عوام کو میسر رہی ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ مہنگائی کے مستقل سد باب کیلئے حکومت پنجاب صوبے بھر میں مستقل سہولت بازار لگا رہی ہے جہاں کسان اپنی زرعی اجناس براہ راست عوام کو فروخت کرکے آڑھتیوں سے ملنے والی قیمت کے مقابلے میں زیادہ منافع سے مستفید ہونگے جبکہ دوسری جانب عوام کو بھی تازہ ، سستی اور معیاری چیزیں ملیں گی ۔