کسی کو کوئٹہ کے حالات کا فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، ڈی سی

May 12, 2021

کوئٹہ (آن لائن) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میجر ریٹائرڈ اورنگزیب بادینی نے کہا ہے کہ لوگوں کے مجمع کو کوئٹہ کے حالات کا فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، ماہرین صحت کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل درآمد کیا جاتا ہے جن سیاسی و مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کا حوالہ دیا جارہا ہے ان کے خلاف پولیس کو کارروائی کے لئے لکھ چکے ہیں، حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کے ماہرین صحت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عملدرآمد کرایا جاتا ہے ایسے میں کسی بھی سیاسی ‘ مذہبی یا سماجی اجتماعات نامناسب ہیں عوام گھر پر رہیں اور محفوظ رہیں ۔انہوں نے کہا کہ اعتراضات کے بجائے ہمیں اپنی صحت کے بارے میں سوچنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ شاپنگ کرنا عوام کی صحت سے زیادہ ضروری ہے حکومت اور انتظامیہ کیساتھ عوام پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس ‘شیخ زید ہسپتال ‘ ہیلپرآئی ہسپتال ‘ فاطمہ جناح جنرل جیسٹ ہسپتال ‘ مفتی محمود میموریل ہسپتال کچلاک ‘ بینظیربھٹو ہسپتال اور سول ہسپتال میں عوام کورونا کی ویکسین کرواسکتے ہیں ۔عوام کی سہولت کے لئے 1122 سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے، حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا کی تیسری لہر میں ٹیسٹ کے لئے 1122پر کال کریں میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹر کی ٹیم آپ کے گھر سے کورونا ٹیسٹ کے نمونے حاصل کریں گے ۔