بھارتی اداکارہ نے والد کی موت کا ذمہ دار اسپتال انتظامیہ کو قرار دیدیا

May 12, 2021

بالی ووڈ اداکارہ سمبھاونہ سیٹھ نے اپنے والد کی موت کا ذمہ دار صرف کورونا وائرس کو نہیں بلکہ بھارتی اسپتال انتظامیہ کو بھی قرار دے دیا۔

حال ہی میں کورونا وائرس کی وجہ سے اپنے والد کو کھودینے والی بھارتی اداکارہ سمبھاونہ سیٹھ نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنے والد کے ہمراہ ماضی کی یادگار تصویر شیئر کی ہے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر سمبھاونہ سیٹھ کی شادی کی تقریب کی ہے۔

بھارتی اداکارہ نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’میرے والد کو بچایا جاسکتا تھا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’وہ صرف کورونا وائرس نہیں تھا جو اُن کی موت کی وجہ بنا۔‘

سمبھاونہ کے ٹوئٹ پر بھارتیوں کی بڑی تعداد اس بات پر اتفاق کررہی ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے زیادہ تر مریضوں کی موت طبی سہولیات کی کمی کی بدولت واقع ہورہی ہے۔

بھارتی اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں واضح طور پر یہ نہیں بتایا کہ اُن کے والد کی موت کا ذمہ دار کون ہے لیکن صارفین کا ردعمل دیکھنے کے بعد یہ واضح ہے کہ وہ اسپتال انتظامیہ اور طبی سہولیات کی کمی کو اپنے والد کی موت کی وجہ قرار دے رہی ہیں۔

واضح رہے کہ سبھاونہ سیٹھ نے اپنے والد کی موت سے قبل سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا تھا جس میں اُنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کوئی ممبئی کے اسپتال میں اُن کے والد کے لیے بیڈ کی سہولت فراہم کردے۔‘

بھارتی اداکارہ نے کہا تھا کہ ’اُن کے والد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور اُنہیں بیڈ کی شدید ضرورت ہے۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے والد اور میرے بھائی اسپتال کے باہر انتظار کررہے ہیں لہٰذا براہِ کرم! جلد از جلد اُنہیں بیڈ فراہم کیا جائے۔‘