عید کے دستر خوان کی شان

May 12, 2021

عظمیٰ صدیقی

عید کے موقع پر ہر سو خوشیوں کے رنگ بکھرے ہوئے ہوتے ہیں ،کہیں مہندی کی خوشبو ،چوڑیوں کی کھنکھناہٹ ، توکہیں زرق برق ملبوس اور منفرد اور خاص پکوانوں کی خوشبو رچی ہوتی ہے ۔اس پرمُسرت موقعے پر بچے ،بوڑھے، مرد اور خواتین سب نے نئے جوڑے زیب تن کیے ہوتے ہیں ۔لیکن گزشتہ سال کی طر ح امسال بھی عید کورونا اور لاک ڈائون میں آرہی ہے تو دعوتوں کا اہتمام تو روایتی طر یقوں سے نہیں ہو گا ۔لیکن اس میں اداس ہونے کی بات نہیں ہے۔تہوار کے اس موقعے پر آپ گھروالوں کے لیے منفرد ،چٹ پٹے پکوان اور عید کاخاص الخاص شیر خورمہ بنا کر خوشی کے اس موقعے کومزید خاص بنا سکتی ہیں۔ آئیے !عید پر گھر والوں کے لیے لذت سے بھر پور پکوان تیار کے کے عید کا مزہ اور خوشیاں دوبالا کریں۔

… بریانی…

اجزاء: چاول ایک کلو ،چکن ڈیڑھ کلو ،ہری مرچ دس عدد، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ،پسی مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ،ہلدی چوتھائی چائے کا چمچہ، پسا ہوا دھنیا ڈیڑھ چائے کا چمچہ، لونگ چھ عدد،ہری الائچی چھ عدد، پانی دوکپ، پسی جائفل جاوتری چوتھائی چائے کا چمچہ،پسی ہری الائچی چوتھائی چائے کا چمچہ، تیز پتا ایک عدد،دارچینی دوٹکڑے،کالی مرچ دس عد د،کالا زیرہ آدھاچائے کا چمچہ،آلو بخارے آٹھ عدد،گھی آدھاکپ، تلی پیاز ایک کپ، لیموں سلائس ایک عدد، ٹماٹر سلائس ایک عدد، کٹی ہری مرچ چارعدد، دھنیا پودینہ حسبِ ضرورت۔

ترکیب: پہلے گوشت میں دوکپ پانی ڈال کرلہسن ادرک کا پیسٹ، ہری مرچ، نمک، پسی لال مرچ، ہلدی، لونگ، اور ہری الائچی ڈال کر پکائیں یہاں تک کہ گوشت گل جائے اور ایک کپ کے برابر پانی رہ جائے۔ اب اسی پین میں گوشت پرپسی جائفل جاوتری ، پسی ہری الائچی، تیز پتا ، دار چینی، کالی مرچ،لونگ اور کالا زیرہ ڈال دیں۔

اب ان پر حسبِ ضرورت ہرادھنیا، پودینا، ہری مرچ، لیموں، ٹماٹر، آلو بخارے اور دہی کا مکسچر ڈال کراوپر سے آدھا کپ گھی اور تلی پیاز ڈال دیں۔ دوسری پتیلی میں چاولوں کو تین کھانے کے چمچےنمک ڈال کرابال لیں یہاں تک کہ وہ آدھے تیار ہوجائیں پھر چاولوں کو چھانتے ہوئے ان میں آدھا کپ پانی بچالیں۔ پھرگوشت چاولوں پر پھیلادیں اورساتھ میں چاولوں کا پانی بھی ڈال دیں۔ اب اسے ڈھک کرتیز آنچ پرپانچ منٹ تک پکائیں اور پھر چولہے کی ہلکی آنچ کر کہ پندرہ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں ۔ مزیدار بریانی تیار ہیں مختلف اقسام کے رائتے اورسلاد کے ساتھ پیش کریں۔

…چکن کڑاہی …

اجزاء: مرغی کا گوشت ایک کلو،تیل ایک پیالی ،پیاز ایک عدد ،ٹماٹر دو عدد، لہسن ادرک پسا ہوا دو کھانے کے چمچے ،نمک حسب ِ ضرورت ،پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ ،بھنا کٹاثابت دھنیا اور سفید زیرہ ڈیڑھ کھانے کاچمچہ ،ادرک لمبی باریک کاٹی ہوئی دو کھا نے کے چمچے،کٹی ہوئی کالی مرچ ایک کھانے کا چمچہ ،ہر ادھنیا سجاوٹ کے لیے ،ایک لیموں کارس ۔

ترکیب : سب سے پہلےتیل گرم کرکے پیاز کو لال کر لیں پھر اس میں مرغی ڈال کر بھونیں جب ہلکی سنہری ہوجائے تو اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کردیں اور ہلکا سابھون کر باریک کٹے ٹماٹر ڈال کر اتنا بھونیں کے ٹماٹر گل جائے اور چھلکا نظر نہیں آئے ۔اس کے بعد نمک ،لال مرچ ڈال کر بھنا کٹا دھنیا اور زیرہ ،کٹی ہوئی ادرک اور کالی مرچ ڈال کر یک جا کرلیں اورآخر میں لیموں کا رس ڈال کر دس منٹ ڈھک کر چھوڑ دیں ۔نکالنے سے پہلے ہرا دھنیا ڈال دیں۔ مزیدار چکن کڑاہی تیار ہے۔

…دم کا قیمہ…

اجزا: کالے چنے دوکھانے کے چمچے ،بھنے ہوئے خشخاش ایک کھانے کا چمچہ، سفید اور کالا زیرہ ایک چائے کا چمچہ،چھوٹی الائچی سات سےآٹھ عدد ،لونگ چار سے پانچ عدد،کالی مرچ چھ سےسات عدد ،بیف کا قیمہ ایک کلو (مشین کا پسا ہوا)، دہی ایک پائو ،لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ،کچاپپیتا پسا ہوا دو کھانے کے چمچے ،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ، ،ہری مرچ پسی ہوئی دو سے تین عدد،گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ،لیموں کا رس دو چائے کے چمچے، پودینا ایک گٹھی، تیل حسبِ ضرورت

ترکیب: گرائینڈر میں کالے چنے ،خشخاش ،سفید زیرہ،کالا زیرہ،چھوٹی الائچی، لونگ اور کالی مرچ ڈال کر پیس لیں ۔پھر ایک پیالی میں لال مرچ ،کچا پپیتا ،ادرک لہسن کا پیسٹ ،پودینا، ہری مرچ، پسے ہوئے اجزا اور پسا ہوا گرم مسالہ ڈال کر اچھی طرح یک جا کرکے فرائی پین میں ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں ۔قیمہ گل جائے تو اس میں لیموں کارس اور تیل ڈال کر یک جا کرلیں او ر چار سے پانچ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں ۔مزیدار دم کا قیمہ تیار ہے ۔پودینا،ہری مرچ اور پیاز سے گارنش کر کے پیش کریں۔

…مٹن یخنی پلاؤ…

اجزاء:مٹن آدھا کلو ،پیازدوعدد،گرم مسالہ سو گرام ،لہسن چار جوئے،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،سبز مرچ سات عدد،نمک حسب ِذائقہ ،مٹن یخنی آدھا لیٹر ،املی ایک کھانے کا چمچہ،چاول آدھا کلو ،جاوتری ایک چائے کا چمچہ ،کالی مرچ ایک کھانے کا چمچہ ،ثابت دھنیا ایک کھانے کاچمچہ ،ثابت زیرہ ایک کھانے کا چمچہ ،بادیان کا پھول ایک کھانے کا چمچہ ،سونف ایک کھانے کا چمچہ ،دار چینی ایک کھانے کا چمچہ ،لونگ ایک چائے کا چمچہ ،تیز پات ایک عدد ، دہی آدھا کپ ،کیوڑہ ایک چائے کا چمچہ۔

ترکیب: ایک پیالے میں چاول لیں اور اس میں پانی ڈال کر بیس منٹ کے لیے بھگودیں۔اب ایک ململ کے کپڑے میں ثابت دھنیا ،ثابت زیرہ،بادیان کا پھول ،سونف ،کالی مرچ ،دار چینی ،لونگ اور تیز پات ڈا ل کر ایک پوٹلی بنا لیں ۔ایک پین میں پانی لیں اوراس میں گرم مسالےکی پوٹلی ،مٹن ،پیاز ، لہسن اور ادرک ڈال کر بندکر دیں اور پندرہ منٹ تک دم دیں (یخنی تیار ہے )۔اب ایک پین میں تیل لیں اوراس میں پیاز ڈال کر براؤن کر لیں۔

اب اس میں پانی ڈال کرایک منٹ دم دے کر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ اورسبز مرچ ڈال کر اچھی طرح ہلا لیں ۔اب اس میں تیار کیا ہو امٹن، گرم مسالہ ،دہی اورنمک ڈال کر ہلا لیں اور مٹن یخنی ڈال کر تین سے پانچ منٹ تک دم دیں ۔اب اس میں املی ڈال کر مکس کر لیں اور بھگوئے ہوئےچاول اس میں ڈال کر اچھی طرح ہلالیں ۔اب اس میں جاوتری پاؤڈر ،سبز مرچ کیوڑہ اورپانی ڈال کر پندرہ منٹ تک دم دیں ۔مزیدار مٹن یخنی پلاؤ تیار ہے ۔

…شیر خرما…

اجزاء:چھوہارے آدھا پائو، کھوپراآدھا پائو، کشمش ايک چھٹانک، چھوٹی الائچی چھ عدد، پستہ پچاس گرام، سوئیاں ايک پائو، دودھ ايک کلو، چینی حسب ذائقہ ،لونگ دو عدد، بادام پچاس گرام، گھی حسب ضرورت۔

ترکیب:سوئیوں کو ابال کر ان ميں تھوڑا سا گھی ملائیں اور الگ رکھ دیں، چھوہارے باريک کاٹ لیں۔ بادام اور پستے بھی کاٹ لیں۔ اب حسب منشاء گھی ميں لونگ اور الائچی کے دانے ملا کر ہلکی آنچ پر سرخ کر ليں، اس کے بعد اُبلتے ہوئے دودھ ميں کٹا ہوا سارا ميوہ ملا دیں ،پھر تھوڑی دير تک پکائیں، پھر اتار کر ابلی ہوئی سوئیاں اس میں ملا دیں اور حسب ذائقہ شکر ملا کر آنچ دیں۔ اتنا پکائیں کہ سوئیاں اور دودھ يک جان ہو جائیں اور گاڑھا پن آجائے، حسب منشاجتنا گاڑھا کرنا چاہیں کر لیں، مزيدار شیر خرما تیار ہے۔

…ربڑی کھیر…

اجزاء: چاول ایک کپ، دودھ دوکلو، چینی ایک کپ یا حسبِ ذائقہ، الائچی پاؤڈرآدھا چائے کا چمچ، کیوڑہ ایسنس دو سے تین قطرے، ربڑی ایک پاؤ (لچھے دار)، بادام اور پستہ حسبِ ضرورت۔

ترکیب:دودھ کو اتنا پکائیں کہ اُس کی رنگت ہلکی گلابی ہوجائے ، پھر دودھ میں چاول ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ چاول اچھی طرح گَل جائیں، پھر اس میں چینی شامل کریں اور کچھ دیر پکائیں۔ اب الائچی پاؤڈر اور خشک میوے ڈال کر دس منٹ تک پکائیں۔ کھیر درمیانی گاڑھی ہونے لگے، تو چولہے سے اْتار لیں۔ ربڑی اور کیوڑہ ایسنس ڈال کر ہلکا مکس کرلیں۔ ڈش میں نکال کر ٹھنڈی کر کے سرو کریں۔