اسپتال انتظامیہ شوہر کی صحت سے متعلق غلط معلومات دیتی رہی: راہول ووہرا کی اہلیہ

May 12, 2021

کورونا وائرس سے 9 مئی کو چل بسنے والے بھارتی اداکار اور سوشل میڈیا اسٹار راہول ووہرا کی اہلیہ نے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال انتظامیہ اُنہیں اُن کے شوہر کی صحتسے متعلق غلط معلومات دیتی رہی۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر راہول ووہرا کی اہلیہ نے ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’راہول بہت سارے خواب ادھورے چھوڑ کر اس دُنیا سے چلے گئے۔‘


راہول ووہرا کی اہلیہ نے کہا کہ ’میرے شوہر اپنے کام سے انڈسٹری میں اپنا ایک مقام بنانا چاہتے تھے لیکن سب کچھ ادھورا رہ گیا۔‘

بھارتی اداکار کی اہلیہ نے کہا کہ ’وہ تمام لوگ میرے راہول کی موت کے ذمہ دار ہیں جنہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے اُنہیں تڑپتا ہوا دیکھا اور مجھے غلط معلومات دیتے رہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ایسے بےحس لوگوں کو نہ جانے کیسے سکون کی نیند آجاتی ہے جو دوسروں کی زندگیاں چھین لیتے ہیں۔‘

راہول ووہرا کی اہلیہ نے بھارتیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ’میں اکیلی نہیں ہوں جس کا راہول طبی سہولیات کی کمی کی وجہ سے دُنیا سے چلا گیا بلکہ ایسے کئی افراد ہیں جو آج بھی خراب نظام کی وجہ سے زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔‘

بھارتی اداکار کی اہلیہ نے مزید کہا کہ ’اس نظام کے خلاف لڑیں تاکہ میرے راہول جیسے دوسرے لوگوں کی زندگیوں بچایا جاسکے۔‘

اُنہوں نے اپنے شوہر کی موت کے لیے انصاف کی اپیل بھی کی۔

واضح رہے کہراہول ووہرا نے مرنے سے قبل 8 مئی کو فیس بک پر اپنی آخری پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ بہتر علاج نہ ہونے کی وجہ سے مر رہے ہیں۔

انہوں نے اپنی آخری پوسٹ میں اپنا تعارف کراتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ دارالحکومت نئی دہلی کے راجیو گاندھی سپر اسپیشلٹی ہاسپیٹل کی چھٹی منزل پر زیر علاج رہے مگر اب وہ ہمت ہار چکے ہیں اور مرنے والے ہیں۔

سوشل میڈیا اسٹار نے لکھا تھا کہ وہ جلد نیا جنم لے کر آئیں گے اور اچھے کام کریں گے مگر اب ان کی ہمت جواب دے چکی ہے۔

مذکورہ پوسٹ کے کچھ ہی گھنٹوں بعد راہول ووہرا مبینہ طور پراسپتال عملے کی لاپرواہیوں کے باعث چل بسے تھے۔