یاسر کے فٹنس مسائل برقرار، ڈراپ ہونے پر چیف سلیکٹر سے خفا

May 13, 2021

کراچی (عبدالماجدبھٹی/اسٹاف رپورٹر) یاسر شاہ کی فٹنس ہمیشہ مسئلہ رہی ہے۔ چار ماہ بعد جب ویسٹ انڈیز کے دورے کے لئے پاکستان ٹیم کی سلیکشن ہورہی ہوگی تو سلیکٹرز کے سامنے اسٹار اسپنر کی فٹنس سب سے اہم ہوگی۔ یاسر شاہ کو فٹنس مسائل کی وجہ سے زمبابوے کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا حالانکہ یاسر شاہ کا دعوی تھا کہ وہ مکمل فٹ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے یاسر شاہ کو جو فٹنس پلان دیا تھا اس کے مطابق انہیں کم از کم آٹھ کلو گرام وزن کم کرنا تھا۔ ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر یاسر نے وزن کم نہ کیا تو ان کے گھنٹے متاثر ہوسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان ٹیم کے ایک ذمے دار سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ جب ہم جنوبی افریقا اور زمبابوے آئے تھے اس وقت یاسر شاہ ری ہیب میں تھے۔ فزیو اور ٹرینر نے انہیں وزن کم کرنے اور فٹ رکھنے کے لئے ایک پلان دیا تھا۔ جس میں واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ آپ کے گھٹنے متاثر ہورہے ہیں اس لئے کم سے کم آٹھ کلو وزن کم کریں۔جب ویسٹ انڈیز کے لئے ٹیم کا اعلان ہوگا ان کی فٹنس کو ضرور جانچا جائے گا۔ سلیکٹرز نے جنوبی افریقا اور زمبابوے کے دورے کے لئے عثمان قادر اور شاداب خان کو وائٹ بال ٹیم میں اور زاہد محمود کو ٹیسٹ ٹیم میں منتخب کیا تھا۔ شاداب جنوبی افریقا میں ان فٹ ہوگئے تھے۔ زاہد محمود کوئی میچ کھیلے بغیر واپس آگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کو جنوبی افریقا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں معمولی انجری ہوئی تھی لیکن اس کے باوجود انہیں دوسرا ٹیسٹ کھلایا گیا، سیریز مکمل ہونے پر یاسر شاہ کو دو ہفتوں کے ریسٹ کے بعد ری ہیب کی ہدایت کی گئی تھی۔ یاسر شاہ کے قریبی دوستوں کا موقف ہے کہ یاسر شاہ اب خود کو فٹ محسوس کررہے ہیں اور وہ انجری سے بھی نجات پاچکے ہیں۔ ان کی فائنل ایم آر آئی رپورٹس ایک دو دن میں آنا باقی تھیں لیکن ٹیم کا اعلان کرکے انہیں باہر کردیا گیا اور یہ فیصلہ کرنے سے پہلے یاسر شاہ سے کسی نے بات کرکے اعتماد میں لینا بھی گوارہ نہیں کیا۔ یاسر شاہ چیف سلیکٹر محمد وسیم کے رویے پر خاصے خفا ہیں اور ان کا موقف ہے کہ اگر مجھے اس سیریز میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ پہلے سے ہی کر لیا تھا تو کم از کم بات تو ضرور کرنی چاہیے تھی، میڈیا سے معلوم ہوا کہ فٹنس کو بنیاد بناکر باہر کیا گیا ہے۔ محمد وسیم کہتے ہیں کہ یاسر شاہ ان فٹ ہیں۔ واضح رہے کہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کافی عرصے سے پرفارم نہیں کر پا رہے تھے اور سبھی ان کی کارکردگی پر سوال اٹھا رہے تھے اور اب زمبابوے جیسی ٹیم کے خلاف انہیں باہر کیا گیا ہے تو اس پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں ۔