ازبکستان سے براستہ افغانستان پہلا تجارتی ٹرک پاکستان پہنچ گیا

May 13, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) ازبکستان سے براستہ افغانستان پہلا تجارتی ٹرک پاکستان پہنچ گیا۔ یہ پہلا تجارتی ٹرک ہے جو ٹی آئی آر کنونشن کے تحت افغانستان کے راستے پاکستان پہنچا ہے ، رواں ماہ کے اوائل میں پاکستان سے پہلا تجارتی ٹرک ازبکستان پہنچا تھا اہم سنگ میل عبور، پروجیکٹ کی کامیابی سے ٹرانسپورٹیشن لاگت میں کمی آئیگی۔ مشیر امور تجارت وسرمایہ کاری عبدلرزاق دائودنے کہا کہ یہ بہت اہم سنگ میل عبور کیاگیا ہے۔ دونوں ملکوں کی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے باہمی تعاون سے ایسا ممکن ہوا۔ عبدالرزاق نے کہا کہ گوادر اور کراچی سے براستہ افغانستان وسط ایشیا میں تجارتی ٹرکوں کی آمدورفت کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے، پاکستان کی بیسٹ ٹرانس پرائیویٹ لمیٹڈ اور ازبکستان کی اسد ٹرانس نے ٹرانس افغانستان لاجسٹک پروجیکٹ کو مکمل کیا اور پاکستان سے برآمدی اشیاء کی کھیپ افغانستان کے راستے ازبکستان تک اور پھر ازبکستان سے پاکستان تک پہنچائی ۔ اس کےلیے ازبکستان میں پاکستان کے سفارتخانے ، پاکستان کی وزارت تجارت اور اسلا م آباد میں ازبکستان کے سفارتخانے نے اہم کردار ادا کیا۔ پروجیکٹ کی کامیابی سے ٹرانسپورٹیشن لاگت میں خاطر خواہ کمی آئے گی ،ازبکستان سے جو اشیا ء لیدر مصنوعات درآمد کی، مستقبل میں ازبکستان سے کوئلہ ، معدنیات ، کھاد اور ٹیکسٹائل کو بھی درآمد کیا جائے گا ۔