مسجد اقصٰی میں نمازیوں پر اسرائیلی فوج کا حملہ انسانیت سوز عمل ہے، زمرد خان

May 13, 2021

اسلام آباد (خصو صی رپورٹر) پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نےکہا ہےکہ مسجد اقصیٰ میں نہتے نمازیوں پر اسرائیلی فوج کا حملہ کھلی دہشتگردی اور انسانیت سوز عمل ہے ، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ صیہونی افواج کی جانب سے مسلمانوں کو مسجد میں عبادت سے روکنا اور قدیم داخلی راستے بند کرنا ناقابلِ برداشت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ بیت المقدس صرف فلسطین کا نہیں بلکہ پوری امت کا مسئلہ ہے۔ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور اس وقت تمام امت کو اس قبلہ کی بے حرمتی کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے اور عالمی سطح پر اسرائیل کی اس دہشتگردی کے خلاف مؤثر آواز بلند کرنی چاہیے۔ رمضان کی بابرکت ساعتوں اور عید کے دن بھی فلسطینی عوام کے لیے دعائیں کی جائیں ۔ عالمی ادارے بھی اسرائیل کو نہتے اور پر امن مسلمانوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں سے باز رکھنے کے لیے اقدامات کریں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم فلسطین کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ اس بابرکت مہینے میں ہم دعا گو ہیں کہ اللہ کریم مسلمانوں پر اپنا خصوصی کرم فرمائے ۔