مارگلہ وائلڈ لائف کنزرویشن سنٹراور نیشنل پارک کی اپ گریڈیشن

May 13, 2021

اسلام آباد (ساجد چوہدری،اپنے نامہ نگار سے) ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت مارگلہ وائلڈ لائف کنزرویشن سنٹراور مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی اپ گریڈیشن منصوبوں کے پی سی ون منظوری کیلئے پلاننگ کمیشن کو بھجوا دیئےگئے ۔ ان دونوں منصوبوں پر ایک ارب 68کروڑ روپے لاگت آئیگی، مارگلہ وائلڈ لائف کنزرویشن سنٹر پر ایک ارب 18کروڑ روپے جبکہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی اپ گریڈیشن منصوبے پر 500ملین روپے خرچ ہونگے ،حکام کے مطابق مرغزار چڑیا گھر کو عالمی نوعیت کے مارگلہ وائلڈ لائف کنزرویشن سنٹر میں تبدیل کیا جائے گا،اس منصوبے کی تکمیل سے جنگلی حیات کی بہتری اور تحفظ میں مدد ملے گی ، مقامی اقسام کے جانوروں کیلئے ویٹر نری ہسپتال بھی بنایا جائے گا ، اس سنٹر میں زخمی جانوروں کیلئےریسکیو اور ٹراما سنٹر بھی ہوگا ۔پارک کی اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت سٹاف کو بڑھانا ہے تاکہ پارک کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے، الیکٹرانک گیٹ ہونگے، پارک کے اندر کیمرے لگائے جائیں گے،پٹرولنگ بڑھائی جائے گی ، چیک پوسٹ بنائی جائیں گی، اس منصوبے کے تحت یہاں پر انفارمیشن سنٹر بنایا جائے گا، بچوں کیلئے بھی انفارمیشن سنٹر ہو گا ، ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی فراہم کیا جائے گا۔