امن دشمن قوتیں افغان عمل سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں‘ جمعیت نظریاتی

May 13, 2021

کوئٹہ(آن لائن )جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستار چشتی نے امریکی نمائندے خلیل زادکی جانب سے دھمکی آمیزلہجہ میں یہ کہناکہ طالبان نے معاہدہ کی پاسداری نہ کی توامریکہ دوبارہ آئے گا پرتبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اب تک طالبان نے امن معاہدہ کی پابندی کی اور امریکہ معاہدہ کی دھجکیاں اڑارہا ہے ۔طالبان نے نہ پہلے جھکے نہ آئندہ انہیں کوئی جھکاسکتاہے۔ خلیل زاد امریکہ سے معاہدے پرعملدرآمدکرائیں۔انہوں نے کہا کہ امن دشمن قوتیں افغان امن معاہدہ کوسبوتاژ کرنا چاہتی ہیں۔ غیر ملکی ایجنڈے پر قومیت کے نام پرحقوق، آئین کی بالادستی اور نسلی یا لسانی قومیتوں کے تحفظ کے نام پر خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی امارت افغانستان میں قیام امن اور مفاہمتی عمل کی کامیابی کے لئے سنجیدگی کامظاہرہ کررہی ہے اورعالمی برادری بھی موقع کوضائع کئے بغیرافغان امن عمل کے حوالے سے افغان کٹھ پتلی عناصرکی سازشوں کوناکام بنانے کیلئے کردارادا کرے۔