شہر میں گرانفروشی کیخلاف کارروائیاں‘ مزید 19 قصاب گرفتار

May 13, 2021

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے رمضان آپریشن کے دوران مزید 19 قصابوں کو گرفتار کرلیا راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے کوہاٹ روڈ‘ باڑہ روڈ اور چارسدہ روڈ کے مختلف علاقوں میں قصابوں کی دکانوں کا معائنہ کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی جبکہ شہریوں سے بھی پوچھ گچھ کی۔ شہریوں کی جانب سے شکایت کرنے اور سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 19 قصابوں کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی ناقابل برداشت جرم ہے جس کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران عید الفطر کے دوران بھی گرانفروشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران عید الفطر کے دوران سویٹس کی دکانوں پر چیکنگ کریں اور گرانفروشی کے مرتکب افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔