سٹی ٹریفک پولیس کی کورونا وائرس سے بچنے کیلئے آگاہی مہم بدستور جاری

May 13, 2021

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے عوامی مقامات پر آگاہی مہم کا سلسلہ بدستور جاری ہے اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ڈی ایس پی انیلہ ناز نے ایجوکیشن ٹیموں کے ساتھ کینٹ اور سٹی کے مختلف علاقوں‘ شعبہ بازار‘ کوہاٹ روڈ, صدر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کریانہ سٹورز‘ سبزی فروشوں سمیت فوڈ پوائنٹس پر شہریوں کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آگاہی دی اور کہا کہ وہ خریداری کرتے وقت سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں کیونکہ کورونا وائرس ہجوم والی جگہوں اور میل جول سے ایک دوسرے کو منتقل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر اپنی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان نے کہا ہے کہ عوامی مقامات پر شہریوں کو آگاہی دینے کا مقصد وبائی صورتحال کے دوران شہریوں کو ہجوم والی جگہوں پر جانے سے روکنا اور رش بنانے سے گریز کرنا ہے۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہر بھر میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔