زبیر طفیل یونائیٹڈ بزنس گروپ کے صدر، ظفر بختاوری جنرل سیکرٹری منتخب

May 18, 2021

اسلام آباد (اے پی پی)یونائیٹڈ بزنس گروپ کی اعلی سطح کی کور کمیٹی نے تاجر رہنماؤں کراچی سے زبیر طفیل اور اسلام آباد سے ظفر بختاوری کو متفقہ طور پر صدر اور سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا ہے۔ افتخار علی ملک اور ایس ایم منیر کی مشترکہ صدارت میں گذشتہ رات ہونے والےکور کمیٹی اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے نومنتخب سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر طفیل، سابق نائب صدر ظفر بختاوری اور میرا نام تجویز کیے گئے اور کور کمیٹی کے تمام ممبران نے ان کے حق میں ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی نے بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے بے لوث، بے مثال اور قابل ذکر خدمات انجام دینے پر ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے مزید کہا کہ یو بی جی کی نئی قیادت تمام اہم فیصلوں پر ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کو اعتماد میں لے گی۔