نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 44 پیسے کمی کردی

June 07, 2021

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں معمولی کمی کرتے ہوئے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نیپرا نے اپریل کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 44 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سی پی پی اے جی نے 84 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے اگست و اکتوبر 2020 کے فیول چارجز مد میں عارضی طور پر 7.5 بلین روپے کی کٹوتی کی تھی۔

نیپرا کے مطابق این پی سی سی کی جانب سے جمع کروائے گئے اعداد و شمار کی بنیاد پر اتھارٹی نےکٹوتی کی ، رقم سے 4.4 بلین روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اتھارٹی نے 2 جون 2021 کو فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ پر عوامی سماعت کی تھی۔

نوٹیفکیشن کا اطلاق صرف جون کے مہینے کے بلوں پر ہوگا، اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے 300 تک یونٹ استعمال کرنیوالے ، لائف لائن اور زرعی صارفین پر ہوگا۔