پہلی کمائی سے پورے خاندان کی دعوت کی تھی، زینب شبیر

June 12, 2021

کراچی (این این آئی)’مہر پوش، یار نہ بچھڑے، ماں کے صدقے، سانوری، ایمان اور ملال یار‘جیسے ڈراموں میں جوہر دکھانے والی اداکارہ زینب شبیر کے مطابق انہیں بچپن سے اداکاری کا شوق تھا جب کہ ان کی والدہ نے شوبز میں آنے کے لیے ان کی سپورٹ کی۔ایک میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں زینب شبیر نے بتایا کہ جب انہوں نے اداکاری شروع کی، تب ان کی تعلیم بھی مکمل نہیں ہوئی تھی۔اداکارہ پہلی مرتبہ 2019 میں اسکرین پر جلوہ گر ہوئیں لیکن ان کے منصوبوں کی شوٹنگ اس سے قبل ہی شروع ہوگئی تھی۔زینب شبیر نے اداکاری کے ابتدائی دور کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں پہلی مرتبہ اپنی کمائی کا 15 ہزار روپے کا چیک ملا تھا اور وہ ان کی عمر اور وقت کے حساب سے بہت زیادہ پیسے تھے۔انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی انہیں کمائی کا پہلا چیک ملا تو انہوں نے منصوبہ بنا لیا تھا کہ ان پیسوں کو کیسے خرچ کرنا ہے اور پھر انہوں نے ان ہی پیسوں سے اپنے پورے خاندان کو دعوت دی۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ چار بہنوں میں تیسرے نمبر پر ہیں اور ان کی والدہ نے تمام بچوں کی تنہا پرورش کی، جب کہ بچپن میں وہ اپنی بہنوں سے مار کھاتی رہتی تھیں اور انہیں نظر انداز کیا جاتا تھا۔زینب شبیر کے مطابق وہ بچپن سے ہی موبائل پر ویڈیوز بناتی تھیں اور ان کی والدہ کو بھی ان باتوں کا علم تھا۔اداکارہ نے بتایا کہ انہیں بچپن سے مشہور ہونے کا شوق تھا مگر انہیں اداکاری سے متعلق کچھ بھی پتا نہیں تھا، کیوں کہ ان کے خاندان کا کوئی بھی شخص میڈیا یا شوبز سے وابستہ نہیں ہے۔زینب شبیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے والدہ کی تجویز کے بعد آڈیشن دینا کا سلسلہ شروع کیا۔