بجٹ عوام دوست ہے تو پھر ہر طرف شور کیسا ، ساجد نقوی

June 13, 2021

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ بجٹ عوام دوست ہے تو پھر ہر طرف شور کیسا ہے، پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کیوں؟لفظوں کا ہیر پھیر ہر سال دہرادیا جاتاہے، بتایا جائے عام آدمی کو کس مد میں ریلیف دیا جارہاہے۔ ایک طرف ریاست مدینہ کے دعوے، دوسری جانب دینی مدارس کیلئے کچھ بھی نہیں،کیا یہ کھلا تضاد نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ ساجد علی نقوی نے کہاکہ ہر سال زور و شور سے بجٹ پیش کیا جاتاہے، بجٹ سے پہلے ہی معاشی اعشاریے درست سمت میں جانے کے بلند دعوے کئے جاتے ہیں اور امسال پیش ہونیوالا بجٹ بھی ویسا ہی روایتی رہا۔ مہنگائی کا برملا اعتراف تو کیاگیا مگر لائحہ عمل کیا؟صرف زبانی وعدے ، دوسری طرف بجٹ تقریر کے پہلے ہی حصے میں سماجی شعبے کا تذکرہ کیاگیا مگر اس تذکرے میں سماج سے جڑے عام آدمی کیلئے کیا ریلیف تھا۔ سماج اوردنیا میں پاکستان کی پہچان ، شناخت اردو قومی زبان ، اس کی ترویج کیلئے کیا رکھاگیا۔کہاگیا کہ اس بجٹ سے سب خوش ہوجائینگے ، شائد عالمی مالیاتی ادارے کے سبھی شعبے خوش ہوجائیں مگر عوام کدھر جائیں ۔