ابوظبی کا ویزا نہ ملنے کے باعث پاکستان میں خواتین کی پہلی پروفیشنل ویمنز ایم ایم اے فائٹر انیتا کریم مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔
انیتا کریم کی 31 جنوری کو ابوظبی میں ایم ایم اے فائٹ شیڈول تھی۔
ایونٹ مینجمنٹ نے انیتا کریم کی جگہ دوسری فائٹر کو مدعو کر لیا۔
انیتا کریم نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی ماہ محنت کی لیکن ویزا مسائل کے باعث فائٹ میں شرکت نہیں کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ تین ہفتوں کے اندر میری دوسری فائٹ شیڈول تھی، ویزا جیسے مسائل کھلاڑی کے کیریئر کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایتھلیٹکس کے ویزا مسائل کو سنجیدگی سے دیکھنا چاہیے۔
انیتا کریم کے مینجر یاسر مشتاق نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انیتا کریم فائٹ میں حصہ نہیں لے پائیں گی، ایونٹ کی انتظامیہ نے انیتا کریم کو ویزا سے متعلق ڈیڈ لائن دی تھی۔
یاسر مشتاق کا کہنا تھا کہ ڈیڈ لائن سے قبل انیتا کریم کو ویزا جاری نہیں ہوا، ایونٹ انتظامیہ نے ایک ہفتہ انیتا کریم کے ویزے کے لیے انتظار کیا۔
انہوں نے کہا کہ انیتا کریم کافی مایوس ہیں، اگلی فائٹ اپریل میں شیڈول ہے، محسن نقوی انیتا کریم کا ویزا مسئلہ حل کرائیں تاکہ پہلی پاکستانی خاتون ایم ایم اے فائٹر کا کیریئر محفوظ رہے۔