معروف پاکستانی مصنف ناصر ادیب نے فلمساز سید نور اور اداکارہ صائمہ نور کی خفیہ شادی کے بارے میں نئی تفصیلات بتا دیں۔
ناصر ادیب نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جس میں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے سید نور اور صائمہ نور کے خفیہ نکاح کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جب ان دونوں کے تعلقات کے بارے میں معلوم ہوا تو میں الجھن میں مبتلا ہوگیا تھا۔
ناصر ادیب نے بتایا کہ صائمہ اپنے کام سے کام رکھتی تھیں اور کسی کے ساتھ زیادہ بات چیت نہیں کرتی تھیں اس لیے مجھے بہت حیرانی ہوئی کہ ان کے سید نور کے ساتھ تعلقات کیسے ہوسکتے ہیں اور پھر میں نے ان کی شادی کی خبر سن لی۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ سید نور اور صائمہ نور کی شادی میری فلم کے ایک پروڈیوسر کرامت گجر نے کروائی تھی جو ان کے قریبی دوست تھے۔
ناصر ادیب نے بتایا کہ پوری انڈسٹری اس شادی کے خلاف ہوگئی تھی کیونکہ بہت سے ڈائریکٹرز صائمہ سے شادی کرنا چاہتے تھے، مجھے اس شادی کا سن کر کوئی دکھ نہیں ہوا تھا لیکن میں حیران تھا کہ صائمہ نے سید نور کا انتخاب کیوں کیا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ پھر ایک دن قرآن کا ترجمہ پڑھتے ہوئے میں نے ایک آیت کا ترجمہ پڑھا، ’اچھی عورتیں اچھے مردوں کے لیے ہیں اور بری عورتیں برے مردوں کے لیے‘۔
ناصر ادیب نے کہا کہ میں جانتا تھا کہ صائمہ ایک پاکباز خاتون ہیں اور انہیں کوئی لالچ بھی نہیں تھا اس لیے اگر اُنہوں نے سید نور سے شادی کرنے کا انتخاب کیا ہے تو سید نور میں کچھ خوبیاں ضرور دیکھی ہوں گی۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب میں نے قرآن کا ترجمہ پڑھ کر بات سمجھ آگئی تو میں نے سید نور سے اپنی تمام رنجشیں فوراً بھلا دیں۔
ناصر ادیب نے یہ بھی کہا کہ صائمہ نور ایک سادہ سی خاتون ہیں، اُنہوں نے زیادہ دوست بھی نہیں بنائے اور نا ہی وہ کبھی کسی طرح کے اسکینڈلز میں ملوث ہوئیں، ان کا سید نور کے ساتھ صرف ایک ہی سکینڈل تھا، اب ایک سکینڈل تو ہر عورت کا حق ہے۔