ماہرین امراضِ جلد کا کہنا ہے کہ صحت مند اور چمکدار جلد کے لیے ہائیڈریشن اور موئسچرائزیشن بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ماہرین نے بتایا ہے کہ کورین اسکن کیئر نے عوام کو وہ بات سمجھا دی ہے جو ماہرینِ جلد برسوں سے کہتے آ رہے ہیں۔
ماہرینِ جلدی امراض کے مطابق اگر جلد خشک، بے رونق، ڈی ہائیڈریٹڈ، سرخ یا حساس ہو اور اسکن بیریئر کمزور ہو تو کورین اسکن کیئر مصنوعات بہترین نتائج دیتی ہیں۔
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ جلد سے متعلق عام مسائل جیسے چہرے کے کچھ حصے سے رنگت کا گہرا ہو جانا، دھوپ سے نقصان، میلازمہ، ایکنی، بڑے اور کھلے مسام اور گہرے ایکنی کے نشانات کے لیے صرف کورین مصنوعات کافی نہیں ہوتیں۔ ان مسائل کے لیے گلائیکولک ایسڈ، کوجک ایسڈ، سیلی سیلک ایسڈ یا ماہرِ جلد کے تجویز کردہ ریٹینوئڈز ضروری ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسکن کیئر کی بنیاد کورین مصنوعات سے رکھی جا سکتی ہے مگر اپنے مقامی علاقے کی فضا کو مدِ نظر رکھتے ہوئے جلدی مسائل کے حل کے لیے اضافی اور مخصوص علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔
جلد کو ہائیڈریٹ اور موئسچرائز رکھنے کے آسان طریقے
ماہرین کے مطابق جلد کی نمی برقرار رکھنے کے لیے درج ذیل طریقے مفید ہیں:
جِلد کی مصنوعات کو ہلکی سے بھاری ترتیب میں لگائیں مثلاً پہلے کلینزنگ، پھر ٹونر، سیرم اور پھر موئسچرائزر کا استعمال کریں۔
سیرم میں ہائیلورونک ایسڈ اور گلیسرین جیسے اجزا کا شامل ضروری ہے کیوں کہ یہ اجزاء جلد کو نمی فراہم کرتے ہیں۔
پوروں کی مدد سے ہلکے ہاتھ کے ساتھ ڈبل کلینزنگ کریں تاکہ قدرتی نمی برقرار رہے۔
الکحل سے پاک ہائیڈریٹنگ ٹونر یا سیرم کا استعمال کریں۔
موسم کے مطابق موئسچرائزر لگائیں اور روزانہ کم از کم SPF 50 سن اسکرین کا استعمال کریں۔
پانی زیادہ پئیں، پروٹین، پھلوں اور سبزیوں پر مشتمل متوازن غذا لیں اور ہفتے میں ایک بار نائٹ ماسک استعمال کریں تاکہ جلد کی مرمت اور نمی بحال ہو سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ درست اسکن کیئر کا معمول اپنا کر جلد کو صحت مند اور چمکدار بنایا جا سکتا ہے۔