عمران خان کو 39 سال پُرانا دن یاد آگیا

June 13, 2021

وزیراعظم عمران خان کو اپنے دورِ کرکٹ کا آج سے 39 سال پُرانا دن یاد آگیا، تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنے کرکٹ کے دنوں کی یادگار تصویر شیئر کی ہے جس میں اُنہیں بولنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران لی گئی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے تصویر کے کیپشن میں بتایا کہ ’یہ تصویر 14 اگست 1982ء میں لی گئی تھی۔‘

عمران خان نے مزید لکھا کہ ’پاکستان نے یہ ٹیسٹ میچ 28 سال بعد انگلینڈ کے خلاف جیتا تھا۔‘

اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں ہیش ٹیگ MemoriesFromPast کا بھی استعمال کیا جس کا مطلب ہے ’ماضی کی یادیں۔‘

واضح رہے کہ عمران خان نے صرف 14 گھنٹے قبل ہی انسٹاگرام پر یہ پوسٹ شیئر کی ہے جسے اب تک 60 ہزار سے زائد صارفین لائک کرچکے ہیں جبکہ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے اپنے کیرئیر میں 88 ٹیسٹ میچز کھیلے، 3 ہزار 807 رنز بنائے اور 362 وکٹیں لیں۔

اس کے ساتھ ہی عمران خان نے 175 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے، 3 ہزار 709 رنز بنائے اور 182 وکٹس لیے۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم نے پہلی اور واحد بار سال 1992 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ایونٹ میں ون ڈے ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اُس وقت پاکستان ٹیم کی قیادت موجودہ وزیراعظم عمران خان ہی کر رہے تھے جہاں قومی ٹیم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا تھا۔