برطانیہ نے کورونا وائرس کی نشاندہی کرنے والا الارم تیار کرلیا

June 14, 2021

لندن (جنگ نیوز) برطانوی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کمرے میں کورونا وائرس کی نشاندہی کرنے والا الارم تیار کرلیا ہے۔ لندن اسکول آف ہائی جین ایڈنبرا پیکل میڈیسن اور ڈرم یونیورسٹی کی ٹیمز کا کہنا ہے کہ یہ ڈیوائس98سے100فیصد درست نتیجہ دے گی اور کسی کمرے کی چھت پر لگانے کی صورت میں یہ15منٹ میں وائرس کی نشاندہی کردے گا اور اگر ایسا ہے تو اس ڈیوائس کا نتیجہ پی سی آر گولڈ ٹیسٹ جیسا معتبر ہوگا جوکہ عموماً بیرون ملک سفر کے لیے کرایا جاتا ہے اور ملک بھر میں استعمال ہونے والے لٹرل فلو ٹیسٹ سے بھی کم وقت میں نتیجہ سامنے آجائے گا۔ تاہم ریسرچر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شائع ہونے والی اسٹڈی کے ابتدائی نتائج ہیں اور ان پر تفصیلی جائزہ لیا جانا باقی ہے۔ اسموک الارم سے ذرا بڑی اس ڈیوائس کو طیاروں، کلاس رومز، کیئر ہومز اور دفاتر میں بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ یہ ڈیوائس متاثرہ شخص کی جلد اور سانس لینے کی صورت میں خارج ہونے والے نامیاتی مرکبات کے ذریعے وائرس کا پتہ لگائے گا اور وائرس کی بو کی شناخت کرنا انسان کے لیے ممکن نہیں ہوگا لیکن کتے اسے سونگھ سکتے ہیں، ایک بڑے کمرے میں یہ ڈیوائس وائرس کا پتہ لگانے میں15سے30منٹ لے گا اور پھر کمپیوٹر یا موبائل فون پر پیغام بھیج دے گا۔ فی الحال اس الارم کی قیمت کا تخمینہ5ہزار پائونڈ لگایا گیا ہے۔